• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ تحفظ ناموس رسالت پر پختہ ایمان رکھتی ہے، مرتضیٰ جاوید عباسی کا خط

مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے چیف وہپ مرتضیٰ جاوید عباسی نے  وزیرمملکت علی محمد کو خط لکھ دیا، جس میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) تحفظ ناموس رسالت پر پختہ ایمان رکھتی ہے۔

 مرتضیٰ جاوید عباسی نے اپنے خط میں کہا کہ مشترکہ قرارداد  تیار کر رہے ہیں جو عوام کی خواہشات اور مرضی کی عکاسی کرے۔

خط میں کہا گہا کہ مشترکہ قرار داد کے لیے کچھ وضاحتیں اور معلومات درکار ہیں فوری دی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ وزراء بار بار بیانات دے چکے حکومت کا کام صرف ایک قرار داد پیش کرنا تھا، کیا وزراء کے بیانات کا مطلب ہے حکومت مزید کسی کارروائی کا حصہ نہیں بننا چاہتی؟۔

ن لیگ کے خط میں کہا گیا ہے کہ ایوان کو بتایا گیا قرارداد ایک تنظیم کے ساتھ معاہدے کی بنیاد پر پیش کی گئی، حکومت کی جانب سے اس معاملے پر کیے تمام معاہدوں کی کاپیاں مہیا کی جائیں۔

جاوید عباسی نے کہا کہ کیا وزیراعظم کے خطاب کو اس معاملے پر حکومت کا پالیسی بیان تصور کیا جائے؟  اگر ایسا ہے تو گزشتہ روز ایوان میں قرار داد پیش کرنے کا مقصد کیا تھا؟۔

مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ قرار داد میں کہا گیا ہے بین الاقوامی تعلقات کا تعین کرنا صرف ریاست کا کام ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم، وزیر خارجہ، وزیر داخلہ قرار داد پر ایوان میں بریف کریں۔

خط میں کہا گیا کہ پیش آئے واقعات کے حقائق جاننے کے لیے کیا تحقیقات شروع کی گئی ہیں؟ قیمتی جانوں کے ضیاع پر کس کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے؟ قائد ایوان تحفظ ناموس رسالت کےمعاملے پر ایوان میں کب دستیاب ہوں گے۔

تازہ ترین