• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں کورونا سونامی بن گیا، ایک دن میں مزید 3 لاکھ مریض

نئی دہلی (اے ایف پی /جنگ نیوز )بھارت میں کورونا وائرس سونامی بن گیا اور وزیراعظم مودی نے اسے طوفان قرار دیا ہے ، ایک ہی روز میں کورونا کے مزید 3 لاکھ مریض سامنے آئے ہیں جبکہ کورونا وبا کے بعد سے پہلی بار ایک ہی روز میں مہلک وائرس 2 ہزار 32 زندگیاں نگل گیا،ادھر ملک بھر میں آکسیجن سپلائی کے بحران کا خدشہ پید ا ہوگیا۔ دوسری جانب سعودی عرب میں مسلسل دوسرے روز بھی کورونا وائرس کے ایک ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے،جرمنی میں انجیلا مرکل حکومت کو انسداد کورونا کیلئے دیے جانے والے مزید اختیارات کیخلاف ہزاروں افراد نے احتجاج کیا اور پولیس نے ان پر آنسو گیس کی شیلنگ کی ، تفصیلات کے مطابق بھارت میں کورونا کے وار تیز ہوگئے اور اس کے ساتھ ہی نئی دہلی سمیت مختلف بھارتی شہروں میں آکسیجن کی سپلائی کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ مہاراشٹرا میں دفاتر میں حاضری کے معاملے پر پابندیاں سخت کی جارہی ہیں۔بھارت میں کورونا وائرس کی دوسری لہر تباہی مچائے ہوئے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3لاکھ نئے کیسز رپورٹ ہوئے جو اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔اس کے علاوہ وائرس سے بیمار ہونے والے 2 ہزار 23 مریض دم توڑ گئے۔بھارت میں اب تک مجموعی طور ہر ایک کروڑ 56 لاکھ 16 ہزار سے زائد کیسز اور ایک لاکھ 82 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں۔سعودی عرب میں مسلسل دوسرے روز بھی کورونا وائرس کے ایک ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔سرکاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید ایک ہزار 28 کیسز سامنے آئے جبکہ 824 افراد صحت یاب ہوئے۔

تازہ ترین