• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شاہ محمود کی ایرانی صدر، اسپیکر سے ملاقاتیں، پاک ایران اسلاموفوبیا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے مشترکہ کوششوں پر متفق

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ / ایجنسیاں) پاکستان اور ایرا ن نے عالمی سطح پر "اسلاموفوبیا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے، عالمی سطح پر مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا ہے ۔یہ اتفاق رائے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ایرانی پارلیمنٹ ہاؤس میں "اسپیکر نیشنل پارلیمنٹ ایران، "محمد باقر قالیباف " کے ساتھ ملاقات میں طے پایا ۔ملاقات میں دونوں اطراف نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ وزیر خارجہ نے سپیکر کو پاکستان اور ایران میں باہمی تعاون وسیع کرنے کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے وژن سے آگاہ کیا،دریں اثنا شاہ محمود قریشی نے ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات کی۔دونوں ملکوں میں تجارت، سرمایہ کاری، رابطوں کی استواری اور سرحدی انتظام میں دو طرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ صدارتی محل آمد پر شاہ محمود قریشی کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔پاکستان اور ایران کے" بارڈر ایریاز "میں چھ تجارتی مراکز کھولے جائیں گے ،یہ چھ "سرحدی تجارتی مراکز "پاکستان کے صوبہ بلوچستان اور ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کی سرحد پر قائم کیے جائیں گے۔ بدھ کوایرانی وزارتِ خارجہ میں پاکستان اور ایران کے مابین سرحدی تجارتی مراکزکھولنے کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب ہوئی جس میں پاکستان کی جانب سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی جبکہ ایران کی طرف سے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔وزیراعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں، برادر ملک ایران کے ساتھ، دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیساتھ ساتھ، باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم ہیں۔

تازہ ترین