• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی یوٹیوبر مبشر صدیق کی کامیابی پر گوگل کا جشن

صوبہ پنجاب کے ایک چھوٹے سے گاؤں شاہ پور سے تعلق رکھنے والے معروف پاکستانی یوٹیوبر شیف مبشر صدیقی کی کامیابی کا جشن گوگل نے بھی منایا۔

ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کے اس دور میں دُنیا بھر میں کئی افراد نے یوٹیوب کو اپنا ذریعہ معاش بنالیا ہے، ان افراد نے اپنے ٹیلنٹ کی مناسبت سے یوٹیوب پر چینلز بنائے ہوئے ہیں جن پر وہ روزانہ کی بنیاد پر ویڈیوز اپلوڈ کرکے پیسہ کمارہے ہیں۔

آج ہم ایک ایسے پاکستانی یوٹیوبر کے بارے میں بات کریں گے جو انتہائی کم عرصے میں عالمی سطح پر شہرت پانے میں کامیاب ہوگیا ہے۔

اس یوٹیوبر کا نام مبشر صدیقی ہے جس کا تعلق سیالکوٹ کے ایک چھوٹے سے گاؤں شاہ پور سے ہے، اُنہوں نے ’ولیج لائف سکریٹس‘ کے نام سے یوٹیوب پر اپنا چینل بنایا ہوا ہے۔

پاکستانی یوٹیوبر اپنے چینل پر کھانے پکانا سِکھاتے ہیں، گاؤں کی خوبصورتی میں مبشر صدیقی کے کھانے پکانے کے منفرد انداز کو دُنیا بھر کے لوگ بہت پسند کرتے ہیں اور یہی وجہ ہے مبشر صدیقی کے چینل کو تقریباََ 2 اعشاریہ 84 ملین صارفین نے سبسکرائب کیا ہوا ہے۔

مبشر صدیقی کی عالمی سطح پر کامیابی کا جشن منانے کے لیے گوگل ساؤتھ ایشیاء کی جانب سے اُن کی مُتاثر کن کہانی کو ویڈیو کے ذریعے دُنیا بھر میں دکھایا گیا۔

گوگل ساؤتھ ایشیاء کی جانب سے بنائی گئی ویڈیو میں مبشر صدیقی نے بتایا کہ وہ سیالکوٹ کی ایک فٹبال فیکٹری میں نوکری کرتے تھے اور جب وہ ویک اینڈ پر اپنے گھر آتے تھے تو اپنے ہاتھوں سے اپنے والدین کے لیے کھانے پکاتے تھے۔

مبشر صدیقی نے بتایا کہ وہ چاہتے تھے کہ دُنیا بھر میں اُن کے اس چھوٹے سے گاؤں کی پہچان ہو لہٰذا اُنہوں نے اپنے بھائی کے مشورے پر یوٹیوب چینل بنایا جس پر اُنہوں نے پہلی ویڈیو آلو کے پراٹھے بنانے کی اپلوڈ کی۔

یوٹیوبر نے کہا کہ اُن کی اس ویڈیو کو اس قدر وائرل کیا گیا کہ اُنہیں پھر جذبہ اور حوصلہ ملا کہ اب یوٹیوب چینل سے اپنی اور اپنے گاؤں کی پہچان بنانی ہے۔

مبشر صدیقی نے کہا کہ اُن کے گاؤں میں انٹرنیٹ کی سروس خاصی اچھی نہیں تھی، اسی لیے وہ اپنی ویڈیوز ایڈٹ کرنے کے لیے سیالکوٹ جاتے تھے جہاں اُنہوں نے اپنا ایک چھوٹا ایڈیٹنگ روم بنایا ہوا تھا۔

یوٹیوبر نے کہا کہ آہستہ آہستہ میرے کھانے پکانے کی ویڈیوز کو پاکستان سمیت دُنیا بھر میں مقبولیت ملنے لگی جس کی وجہ سے میں عالمی سطح پر مشہور ہوا۔

واضح رہے کہ مبشر صدیقی اپنی ویڈیوز میں کھانے پکانے کے ساتھ ہی گاؤں کی طرزِ زندگی کے بارے میں بتاتے اور دِکھاتے ہیں جو اُن کی شہرت کی ایک اہم وجہ ہے۔

تازہ ترین