• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رواں ہفتے خود کا خاتمہ کرنے کا سوچ رہی تھی: جنت مرزا

انتہائی قلیل عرصے میں شہرت پانے والی پاکستان کی نمبر ون ٹک ٹاک اسٹار جنت مرزا نے اپنی ذہنی صحت کے حوالے سے اہم انکشافات کیے ہیں۔

گزشتہ دنوں جنت مرزا نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مختلف اسٹوریز شیئر کی تھیں جن میں اُنہوں نے اپنی ذہنی صحت سے متعلق کچھ انکشافات کیے تھے۔

جنت مرزا نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی خواہش کے ساتھ اپنی جدوجہد کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں رواں ہفتے اتنے سارے جذبات سے گزری ہوں کہ میں نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کا سوچ لیا تھا۔‘

ٹک ٹاک اسٹار نے ماہِ رمضان کے لیے اللّہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’اس مبارک مہینے کی وجہ سے مجھے دوبارہ زندگی جینے کی اُمید نظر آئی۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’زندگی مختصر ہے اور اسے کسی کے لیے برباد نہیں کرنا چاہیے، سب پہلے اپنی حوصلہ افزائی کریں اور اگر ضرورت پڑے تو اپنی خاطر خود غرض بھی بن جائیں۔‘

جنت مرزا نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’اب وہ اُداس اور پرانی جنت مرزا ہمیشہ کے لیے چلی گئی ہے، اب آپ کے سامنے ایک خوش جنت مرزا ہوگی۔‘

ٹک ٹاک اسٹار نے کہا کہ ’ذہنی صحت کے سفر کا ایک اہم حصہ پیشہ ورانہ مدد بھی طلب کرتا ہے اور یہ مدد مانگنے کے لیے آپ کو کبھی بھی شرم محسوس نہیں کرنی چاہیے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اگر آپ ذہنی صحت سے جدوجہد کررہے ہیں تو براہِ کرم پیشہ ورانہ طور پر اپنا علاج کروائیں۔‘

آخر میں جنت مرزا نے اپنے تمام چاہنے والوں کو اللّہ تعالیٰ پر پختہ یقین رکھنے کی ترغیب بھی دی۔

واضح رہے کہ حال ہی میں پاکستان کی ٹاپ ماڈل، ٹک ٹاک اسٹار اور اداکارہ جنت مرزا کے ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک پر 14 ملین فالوورز ہوگئے ہیں جس کے بعد وہ پاکستان کی مقبول ترین شخصیت بن گئیں ہیں۔

ٹک ٹاک فالوورز میں اضافے کے بعد جنت مرزا پاکستان کی وہ پہلی شخصیت بن گئی ہیں جنہیں کسی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر 14 ملین صارفین نے فالو کیا ہوا ہے۔

یہ اعزاز حاصل کرنے کے بعد جنت مرزا نے مقبولیت کی دوڑ میں پاکستان کے موجودہ وزیراعظم عمران خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

تازہ ترین