بچو: آج آپ کی ملاقات دنیا کے سب سے کم عمر کراٹے ماسٹر سے کرارہے ہیں، جس نے صرف تین سال کی عمرمیں بلیک بیلٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ کراچی سے تعلق رکھنے والے مارشل آرٹ کےکھلاڑی ، 9 سالہ ، سید عباس طائی ، صرف 3سال کی عمر میں کراٹے کے کھیل میں بلیک بیلٹ لینے والے دنیا کے پہلے کراٹیکاز بن گئے۔ وہ پاکستان میں مارشل آرٹ کے بانی، گرینڈ ماسٹر اشرف طائی کے صاحب زادے ہیں۔
ان کی والدہ ثمینہ طائی اور بڑے بھائی ، سید علی شاہ طائی بھی کراٹے ماسٹر ہیں۔عباس طائی نے ایک سال کی عمر میں اپنے بھائی علی شاہ طائی سے کراٹے ، اسٹک اور تلوار بازی کی ٹریننگ لینا شروع کی اور پہلے مرحلے میںسفید بیلٹ حاصل کی۔ تین سال کی عمر تک پہنچتے پہنچتے انہوں نے یلو، اورنج، گرین، بلیو، براؤن اور ریڈ بیلٹ کے مدارج سے گزر کر بلیک بیلٹ حاصل کی۔وہ شارع فیصل پر نرسری کے قریب سٹی اسکول کےپی ایف چیپٹر میں تیسری جماعت کے طالب علم ہیں۔
وہ نن چکو، تلواربازی، اسٹک کے ماہر ہیںاور ان دنوں جمناسٹک کی تربیت حاصل کررہے ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ وہ مارشل آرٹ میں اپنے والد کی طرح گرینڈ ماسٹربن کرملک و قوم کا نام روشن کریں۔ ان کی والدہ ثمینہ طائی کا کہنا ہے کہ مارشل آرٹ کے ساتھ ساتھ وہ اپنے بیٹے کو کرکٹر کے روپ میں بھی دیکھنا چاہتی ہیں۔
عباس طائی جب 10 برس کے ہوجائیں گے تو وہ انہیں معین خان کرکٹ اکیڈمی میں تربیت دلوائیں گی تاکہ وہاں سے وہ ایک اچھا کرکٹر بن کر نکلیں۔۔