پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے 119 رنز کا ہدف بھی پہاڑ بن گیا، زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی 20 میں پوری ٹیم 99 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میں میزبان زمبابوے نے مہمان پاکستان کو 19 رنز سے شکست دے کر شائقین کرکٹ کو حیران کردیا۔
لوگ سوچ میں پڑگئے ہیں کہ یہی وہ پاکستانی ٹیم ہے جس نے جنوبی افریقا جیسی ٹیم کو ون ڈے اور ٹی 20 سیریز میں شکست سے دوچار کیا تھا؟
زمبابوے نے پہلے کھیلتے مقررہ 20 اوور میں 9 وکٹ پر 118 رنز بنائے اور گرین شرٹس کو جیت کےلیے 119رنز کا ہدف دیا، جو کہ ایک آسان ہدف تھا۔
پاکستانی بولرز نے عمدہ کارکردگی دکھائی، ہر بولر نے وکٹ حاصل کی، محمد حسنین اور دانش عزیز نے 2،2 جبکہ فہیم اشرف، عثمان قادر، حارث رؤف اور پہلا میچ کھیل رہے ارشد اقبال نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔
ہدف کے تعاقب میں گرین شرٹس کے محمد رضوان اور کپتان بابراعظم میدان میں اترے، رضوان 13رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
دوسرے اینڈ پر بابر اعظم کھڑے رہے اور ایک اینڈ سے وکٹ گرنے کا سلسلہ جاری رہا، فخر زمان 2 اور محمد حفیظ 5 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
اس موقع پر کپتان نے دانش عزیز کے ساتھ مل کر 22 رنز کا اضافہ کیا، بابر اعظم 78 کے مجموعی اسکور پر 41 رنز بناکر میدان بدر ہوئے تو پاکستان کی جیت کے امکانات مدھم ہوگئے۔
بابراعظم آج اگر تھوڑی دیر کھڑے ہوجاتے تو جیت کے ساتھ ساتھ وہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں تیز ترین 2 ہزار رنز کا سنگ میل بھی عبور کرلیتے وہ فی الحال 17 رنز کی دوری پر ہیں۔
پاکستان کی طرف سے دانش عزیز 22 رنز بناکر پویلین لوٹے تو پاکستان کی ہار یقینی ہوگئی، آصف علی 1، فہیم اشرف 2، عثمان قادر صفر، حارث رؤف 6 اور ارشد اقبال صفر پر پویلین لوٹ گئے۔
زمبابوے کی طرف سے لیوک جونگوے نے 4 پاکستانی کھلاڑیوں کو صرف 18رنز کے عوض میدان بدر کیا، رائن برل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔