پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران صاحب جھوٹے الزامات اور آپ کا جھوٹ کا بیانیہ دفن ہوگیا، عمران خان صاحب بس بس بس غریب اور کمزور کا پیٹ جھوٹ اور وعدوں سے نہیں بھرتا۔
مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بیان اور لیکچر دینے سے نہ معیشت ٹھیک ہوتی ہے نہ روزگار ملتا ہے، عمران صاحب گھر میں روٹی اور روزگار ہوگا تو سیاحت ہو گی، آپ کا شیخ چلی پن اور احمقانہ فلسفے بہت ہوگئے گھر جائیں۔
ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ نوازشریف نے بہترین سڑکیں بنائیں تاکہ سیاحت کا فروغ ہو، نواز شریف نے بیانات نہیں دیے عملی کام کیا، عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کیا، مسلم لیگ (ن) نے مہنگائی 3 فیصد کی کم ترین اور معاشی ترقی 6 فیصد کی بلند ترین سطح پر لا کر دکھائی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہر ٹرائل میں سرخرو ہوئی، عمران صاحب سیاحت ہو، درآمد یا برآمد ہو، روزگار یا مہنگائی میں کمی ہو، یہ سب مسلم لیگ (ن) نے کیا اور کرے گی، آپ کے انتقامی سیاسی بیانیے اور مدینہ کی پاک ریاست کے نام پر آپ کی جھوٹی منافقانہ سیاست عوام نے مسترد کردی۔
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب آپ کی رنگ برنگی جھوٹی تقریروں سےغریب کا پیٹ بھرتا ہےاور نہ لوگوں کو روزگار ملتا ہے، عمران صاحب زبانی جمع خرچ سے سیاحت کو فروغ نہیں ملتا، نہ معیشت ٹھیک ہوتی ہے۔