لاہور(نمائندہ جنگ) اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی اور چیئرمین متحدہ علماءبورڈ حافظ محمد طاہر اشرفی نےان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں دونوں کے مابین ملکی و سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ پرویزالٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نظریہ پاکستان اور فکر پاکستان کے خلاف کوئی بھی قدم پاکستان کی اساس اور کلمہ طیبہ کے پرچم کے نیچے جدوجہد کے خلاف ہوگا، پنجاب اسمبلی سے پاس کردہ ایکٹ پر تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں اور اقلیتی ارکان کے دستخط موجود ہیں لہٰذا اسلامی کتب میں شامل شریعت اسلامیہ اور تاریخ اسلام سے اقلیتوں کو کوئی خطرہ لاحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العالمین ہے اور رسول کریم ﷺ رحمتہ للعالمین ہیں، یہ ملک اسلام کی وجہ سے قائم ہے، اسلامی تعلیمات کو کسی صورت نصاب سے نہیں نکالا جا سکتا۔