سکھر(بیورو رپورٹ)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ احتساب سب کا اور بلا تفریق ہونا چاہیئے، یہ نہیں ہوسکتا کہ جو میرا ہے وہ حاجی ہے اور جو دوسرے کا ہے تو وہ کرپٹ ہے، کمزور طبقے کو انصاف صرف قانون کی حکمرانی سے ہی مل سکتا ہے، کرپشن کے خلاف پوری عوام اٹھ کھڑی ہوئی ہے، پانامالیکس پر حکومت وضاحتیں پیش نہ کرے اس کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں، کرپشن میں ملوث تمام لوگوں کا احتساب ہونا چاہیئے کیونکہ جب تک کرپشن سے ملک کو پاک نہیں کیا جا سکتا اس وقت تک ملک ترقی نہیں کر سکتا، ”کرپشن مٹاؤ ،ملک بچاؤ“مہم کے سلسلے میں عوام کا جوش وجذبہ دیکھ کر یہ ثابت ہوگیا ہے کہ اب عوام کرپشن کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے ہیں، میں سکھر میں وکلاء برادری کے پاس کرپشن کے خلاف مقدمہ لے کر آیا ہوں، تاریخ گواہ ہے کہ سکھر سے بڑی بڑی تحریکوں کا آغاز ہوا ہے اور جب سکھر بولتا ہے تو پورا پاکستان سنتا ہے،وہ ڈسٹرکٹ بار میں منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے، تقریب میں وکلاء برادری کی جانب سے کرپشن کے خلاف نعرے بلند کئے گئے ، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ڈسٹرکٹ بار روم میں کرپشن کے خلاف نعرے لگنا ہماری کامیابی ہے، کرپشن کے خلاف اٹھنے والی آواز اور نعروں کو اب دبایا نہیں جا سکتا، پورے ملک سے اب ایک ہی آواز آرہی ہے کہ سب کا احتساب ہو ، بلا تفریق ہو۔