چھوٹے پردے سے بڑے پردے تک اپنی پہچان بنانے والی معروف بھارتی اداکارہ حنا خان نے اپنے والد کے انتقال کے بعد سوشل میڈیا پر پہلا پیغام جاری کردیا۔
حنا خان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری میں اپنے مداحوں اور دوستوں کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
بھارتی اداکارہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’میرے پیارے والد اسلم خان 20 اپریل 2021 کو اس دُنیا سے رخصت ہوگئے۔‘
حنا خان نے کہا کہ ’میں اُن تمام لوگوں کی شُکرگزار ہوں جنہوں نے میرے اس مشکل وقت میں مجھ سے اور میرے اہلخانہ سے ملاقات کی اور ہمیں حوصلہ دیا۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’آنے والے کچھ دن تک میرے تمام کاموں کے لیے میرے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو میری ٹیم سنبھالے گی۔‘
بھارتی اداکارہ نے مزید کہا کہ’آپ کی محبت اور سپورٹ کے لیے بہت شکریہ۔‘
واضح رہے کہ حال ہی میں حنا خان کے والد دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے انتقال کرگئے تھے، حنا خان جو کام کے سلسلے میں کشمیر میں تھیں والد کے انتقال کی خبر سن کر ممبئی روانہ ہو گئیں تھیں۔
حنا خان اپنے والد کے کافی قریب تھیں، وہ اکثر سوشل میڈیا پر بھی اپنے والد کے ساتھ خاص لمحوں کو شیئر کرتی رہتی تھیں۔
اداکارہ اپنے مداحوں کے ساتھ اپنی فیملی کے حوالے سے چیزیں بھی شیئر کرتی رہتی تھیں۔