• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پالک کے استعمال سے صحت پر حیرت انگیز طبی فوائد

ہرے پتوں پر مشتمل گھروں میں بطور سالن یا پکوڑوں میں شامل کر کے پکائی جانے والی پالک کے استعمال سے صحت پر بے شمار طبی فوائد حاصل ہوتے ہیں جنہیں جاننے کے بعد پالک سے مزید فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

غذائی ماہرین کے مطابق پالک آئرن سے بھرپور ایک صحت بخش سبزی ہے جس کا استعمال ہر عمر کے فرد کے لیے یکساں موزوں ہے، پالک کی سبزی اکثر اوقات دیگر سبزیوں کے ساتھ ملا کر بھی پکائی جاتی ہے جیسے کہ پالک پنیر، پالک گوشت اور پالک کے پکوڑے وغیرہ۔

سُپر فوڈز میں سرفہرست شمار کی جانے والی سبزی پالک کا رمضان کا مہینہ آتے ہی استعمال بھی بڑھ جاتا ہے کیوں کہ تقریباً  ہر گھر میں ہی اس کے پکوڑے بنائے جاتے ہیں اور شوق سے کھائے جاتے ہیں۔

غذائی ماہرین کے مطابق پالک کو پکا کر یا کچا بھی کھایا جا سکتا ہے، اسے بطور سلاد استعمال کرنے سے متعدد بیماریوں سے نجات حاصل ہوتی ہے اور مجموعی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، خون کی کمی کی شکایت رکھنے والے  افراد کو طبی ماہرین کی جانب سے ہری سبزیوں کا استعمال یعنی کے پالک کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے۔

غذائیت سے بھر پور پالک میں موجود منرلز اور وٹامنز اجزاء مندرجہ ذیل درج ہیں:

ہری سبزیوں میں کسی بھی دوسری سبزیوں کے مقابلے میں زیادہ آئرن اور معدنیات پائے جاتے ہیں اور پالک ان میں سرفہرست ہے، اسی لیے پالک کا استعمال ڈاکٹروں کی جانب سے زیادہ تجویز کیا جاتا ہے، پالک ایک صحت کا خزانہ ہے جو سستے داموں مارکیٹ سے با آسانی دستیاب ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق ایک کپ پکی ہوئی پالک میں 41 کیلوریز پائی جاتی ہیں جبکہ کچی پالک میں 7 کیلوریز موجود ہوتی ہیں، پالک میں وٹامن ’اے‘ اور ’کے‘ کی بھی غیر معمولی مقدار پائی جاتی ہے جو کہ انسانی صحت کے لیے ناگزیر ہیں۔

اس کے علاوہ پالک میں مختلف منرلز اور وٹامن میں میگنیز، فولیٹ، میگنیشیم، آئرن، کاپر، وٹامن بی2، وٹامن بی6، وٹامن ای، کیلشیم ، پوٹاشیم ، وٹامن سی، پانی کی وافر مقدار، پروٹین، کاربوہائڈریٹس، شوگر اور بڑی تعداد میں فائبر موجود ہوتا ہے ۔

پالک کے استعمال سے صحت پر آنے والے طبی فوائد :

پالک میں وافر مقدار میں پایا جانے والا کیلشیم ہڈیوں کو فریکچر ہونے سے بچاتا ہے، ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے، وٹامن اے، وٹامن سی، فائبر، فولک ایسڈ بڑی آنت اور چھاتی کے کینسر کے خلاف مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔

پالک خون میں پروٹین کی نقصان دہ سطح کو کم کرنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے ، پالک کا استعمال ہائی بلڈ پریشر اور امراض قلب سے بچا سکتا ہے۔

پالک کے استعمال سے صحت سمیت خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوتا ہے، وٹامن سی ایک طاقتور اینٹی آکسیڈینٹ ہے جسے جلد اور بالوں کی خوبصورتی بڑھانے کے لیے اہم وٹامن مانا جاتا ہے۔

پالک میں موجود وٹامن سی قوت مدافعت کو بھی مضبوط بناتا ہے۔


پالک میں پایا جانے والا فولک ایسڈ کو وٹامن بی 9کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، یہ کمپاؤنڈ حاملہ خواتین کے لیے بہت ضروری ہے، فولک ایسڈ پٹھوں کی افزائش میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے ۔

تازہ ترین