اوکاڑہ( نمائندہ جنگ) ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ میاں شہباز شریف کے مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ ٹیلی فونک رابطے میں پیپلز پارٹی کی پی ڈی ایم میں پوزیشن کے حوالے سے بھی بات ہوئی.خیال ہے کہ شہباز شریف کی رائے پرہی پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس بلانے کی بجائے اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس بلانے پر اتفاق ہوا. اس وقت تک پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کے عہدے تو چھوڑے ہیں لیکن نہ پی ڈی ایم سے الگ ہونے کا اعلان کیا ہے اور نہ ہی پی ڈی ایم کی طرف سے پیپلز پارٹی کو نکالنے کا باقاعدہ اعلان کیا گیا ہے. اس لئے شہباز شریف پیپلزپارٹی کی پی ڈی ایم میں واپسی کا راستہ بنا سکتے ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے اس حوالے سے میاں نوازشریف سمیت ن لیگ کی قیادت اور پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں کے ساتھ مشاورت بھی شروع کر دی ہے. یوسف رضا گیلانی اور شہباز شریف کی ملاقات بھی جلد متوقع ہے۔