اسلام آ باد (نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ایس او پیز کی پاس داری کیلئے فوج تعینات کرنے کی مثال پوری دنیا میں کہیں اور نہیں ملتی،فوج طلب کرناحکومت کی نااہلی ہے، صورتحال تشویشناک ،حکومت فوری طور پر وسیع پیمانے پر ویکسین کا انتظام کرے۔ مدینہ کی ریاست بنانے والے نجانے کس جانب چل پڑے ہیں۔ یکساں نصاب تعلیم کی آڑ میں مغربیت اور لبرل ازم کا فروغ کبھی قبول نہیں کریں گے۔ کشمیر کے حوالے سے حکمران 22 کروڑ عوام کے دلوں کی ترجمانی نہیں کر رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبرآزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی سے گفتگو میں کیا۔ سراج الحق کا کہنا تھاکورونا وبا کے دوران حکومت اسپتالوں میں سہولیات فراہم کرنا تو درکنار عملے کو سینی ٹائزر اور حفاظتی کٹس بھی مکمل طور پر فراہم کرنے میں ناکام رہی۔