امریکا کی ایک اسٹارٹ اپ کمپنی ایپیرس انکارپوریٹڈ نے ’’لیونیڈاس‘‘ کے نام سے ایک دفاعی نظام تیار کیا ہے جو حملہ آور ڈرونز کو طاقتور مائیکروویوز کی مدد سے فضا میں ہی تباہ کرسکتا ہے۔لیونیڈاس نظام کا بنیادی اصول وہی ہے، جس طرح گھروں میں عام استعمال ہونے والے مائیکروویو اوون کھانا گرم کرنے کا کام کرتاہے۔
البتہ اس سے خارج ہونے والی مائیکروویوز، گھریلو اوون کے مقابلے میں کئی گنا طاقتور ہوتی ہیں جو کسی ڈرون کے برقی آلات کو پلک جھپکتے میں بھون کر ڈرون کو تباہ کر دیتی ہیں۔لیونیڈاس کا موجودہ پروٹوٹائپ خاصا بڑا ہے جو کسی چھوٹے ٹرک یالوڈر گاڑی کے پچھلے حصے میں رکھا جاسکتا ہے۔ البتہ ایپیرس میں اسی ہتھیار کے ایک مختصر ڈیزائن پر بھی کام کیا جارہا ہے جسے کوئی انسان بہ آسانی اٹھا سکے گا۔
چندماہ قبل امریکا کے ایک سرکاری ادارے کے سامنے لیو نیڈ اس نظام کا عملی مظاہرہ کرچکی ہے ۔اس مظاہرے میںکمپنی نے 66 ڈرونز تباہ کیے جو فضا میں اُڑرہے تھے ۔جب کہ اس دوران بعض مرتبہ ایک ہی وار میں کئی ڈرونز تباہ کر ڈالے ۔اس میں سالڈ اسٹیٹ گیلیئم نائٹرائیڈ ایمیٹرز لگے ہیں، جیسے کہ فائیو جی مواصلاتی آلات میں استعمال ہوتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق طاقتور مائیکرو ویوز پیدا کرنا اگرچہ ایک مشکل کام ہے لیکن اس سے بھی زیادہ مشکل کام ان مائیکروویوز کو مطلوبہ سمت میں درست طور پر مرکوز رکھنا ہے، کیوںکہ اگر یہ لہریں اپنے ہدف سے چُوک کر اِدھر اُدھر ہوگئیں تو آس پاس بجلی کی تنصیبات اور عام استعمال کے آلات کو بھی تباہ کرسکتی ہیں۔اسے لیے ان کو استعمال کرتے وقت بہت محتاط رہنا پڑتا ہے ۔