محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 40 سال سے زائد افراد کو رجسٹر کرنے کے اعلان کے بعد رجسٹریشن کا عمل تیز ہو گیا ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں اب تک 10 لاکھ افراد کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے، پنجاب میں ساڑھے 9 لاکھ ویکسین کی خوراک موجود ہیں جبکہ 28 اپریل کو مزید کورونا ویکسن آ رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت نےڈیڑھ ارب کی ویکسین خریدنے کے لیے کمپنیوں سے رابطہ کیا ہے، پنجاب میں ایک دن میں ریکارڈ 46 ہزار افراد کو ویکسین لگائی گئی ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کی رپورٹ کے مطابق صرف لاہورمیں ایک دن کےدوران ساڑھے 8 ہزار افراد کو ویکسین لگائی گئی، پنجاب میں ایک لاکھ 98 ہزار ہیلتھ ورکرز کو پہلی خوراک دے دی گئی ہے جبکہ ایک لاکھ 38 ہزار ہیلتھ ورکرز کو دوسری خوراک دی جاچکی ہے۔
دوسری جانب صوبائی وزیر برائے صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ پنجاب میں 1600بزرگ افراد کو گھروں میں جا کر ویکسین لگائی گئی ہے، جو افراد ویکسینیشن سینٹر نہیں آسکتے ان کے لیے بس سروس چلائی جائے گی۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ بس سروس لاہور سے چند روز میں شروع ہو جائےگی، کوشش ہے ویکسین لگانے کے عمل کو 80 ہزار روزانہ تک لایا جائے۔