رمضان ایک بابرکت مہینہ ہے جس کے آتے ہی ہر گھر میں عبادتوں سمیت سحری اور افطاری کابھی خوب اہتمام کیا جاتا ہے، مگر اس ایک مہینے کے دوران 11 مہینوں کے مقابلےمیں کھانے پینے کی روٹین بدلنے اور کچھ اپنی ہی غلطیوں کے سبب انسان مشکلات میں گھرا رہتا ہے جس سے چھٹکارہ حاصل کرنا ضروری ہے۔
اکثر اوقات گھروں میں سحری کے دوران میٹھی غذاؤں اور چائے کا استعمال کیا جاتا ہے، ماہرین کے مطابق چائے یا کافی میں کیفین کی مقدار موجود ہوتی ہے جس کے استعمال سے جسم سے پانی کی مقدار جلد خارج ہو جاتی ہے اور ڈیہائیڈریشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق سحری کے دوران کم نمک، مرچ مسالے، والی ٹھنڈی تاثیر والی غذاؤں سمیت غذائیت سے بھرپور دہی یا دہی سے بنی لسی کا استعمال کرنا چاہیے، دہی میں بڑی مقدار میں پروٹین شامل ہوتا ہے اسی لیے اس کے استعمال سے تا دیر بھوک بھی نہیں لگتی اور جسم میں پانی کی مقدار بھی محفوظ رہتی ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق چائے اور کافی کا شمار اُن مشروبات میں کیا جاتا ہے جو کہ آپ کے جسم سے پانی کی مقدار کو جلد ختم کرنے کا سبب بنتے ہیں۔
اگر سارا دن بھوک او ر پیاس سے بچنا چاہتے ہیں تو سحری کے دوران اور افطار کے بعد چائے اور کافی کے استعمال کے بجائے دہی دودھ سے بنی لسی، دہی اور سادہ پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا چاہیے۔
اسی طرح افطار کا دسترخواں سجاتے ہوئے کولڈ ڈرنکس یا میٹھے سوڈا مشروبات کے بجائے سادہ پانی اور لیموں پانی کا استعمال کرنا صحت کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے۔
روزے کے دوران پیاس کی شدت سے بچنے کے لیے کچھ مفید ٹپس مندرجہ ذیل ہیں:
گرمیوں میں روزوں کے دوران گرم علاقوں میں سورج کی تپش سے بچنا مشکل کام ہے لیکن روزے کے اوقات میں گرمی سے زیادہ سے زیادہ بچنا ہی مسئلے کا حل ہے، زیادہ درجہ حرارت پسینے کی وجہ بنتا ہے جس کے نتیجے میں جسم سے پانی کی کمی ہوتی ہے اور پیاس بڑھتی ہے، کوشش کریں کہ روزہ کے دوران باہر یا دھوپ میں نکلنے کے کام کم کریں اور خود کو گرمی سے ہر ممکن بچائیں۔
پھلوں اور سبزیوں کا استعمال نہ صرف صحت کے لیے اچھا ہے بلکہ یہ جسم کو ہائیڈریٹ بھی رکھتا ہے، کچھ پھلوں اور سبزیوں میں پانی کی کافی مقدار موجود ہوتی ہے جیسے کہ پالک، گاجر ، لوکی، تورئی اور پودینہ، رمضان کے دوران خود کو پیاس سے بچانے کے لیے پھلوں اور سبزیوں کا استعمال بڑھا دینا مفید ہے۔
رمضان کے دوران مشروبات میں کم از کم آدھا چائے کا چمچ چیا کے بیج یا تخم بالنگا ضرور شامل کر لیں جیسے کہ دہی سے بنی لسی، لیموں پانی، املی آلو بخارے کا شربت اور پودینے اور املی کا شربت وغیرہ، تخم بالنگا کے استعمال سے بھوک بھی کم لگتی ہے اور تازگی کا احساس بھی برقرار رہتا ہے۔