کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان “ کے میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم (سیاسی امور) رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حالات اور قومی مفاد کا تقاضا ہوا تو 27 ویں ترمیم بھی لائی جاسکتی ہے۔ سندھ کے سینئر وزیرشرجیل انعام میمن نے کہا کہ 30 اگست سے ٹریکر کی موجودگی ہر ڈمپر اور ٹریلر کے لئے لازمی قرار دی جائے گی۔ بھارتی صحافی روی شاستری واستو نے کہا کہ مودی سرکار کیلئے یہ وقت نہایت مشکل اور خطرناک ہے۔ ملک بھر میں عوام میں غصہ اور بے چینی بڑھتی جا رہی ہے۔ مشیر وزیراعظم (سیاسی امور) رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ اس وقت 27ویں آئینی ترمیم کا کوئی معاملہ زیر غور نہیں، تاہم پارلیمنٹ اپنے آئینی اختیارات سے دستبردار نہیں ہوئی اور جب بھی ضرورت محسوس ہو، ترمیم لائی جا سکتی ہے۔ رانا ثناء اللہ نے آئینی معاملات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ فی الوقت 27ویں ترمیم پر کوئی غور نہیں ہو رہا، لیکن یہ کہنا درست نہیں ہوگا کہ پارلیمنٹ کے پاس ترمیم کا اختیار نہیں رہا۔ اگر حالات اور قومی مفاد کا تقاضا ہوا تو 27ویں ترمیم بھی اسی طرح ممکن ہے جیسے 26ویں ترمیم لائی گئی تھی۔مشیر وزیراعظم نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 14 اگست، جو کہ جشن آزادی کا دن ہے، پر احتجاج کرنا قومی یکجہتی کے منافی ہے۔انہوں نے اپیل کی کہ اپوزیشن اپنا احتجاج 13، 15 یا 16 اگست کو کر لے، لیکن 14اگست جیسے قومی دن کو سیاست کی نذر نہ کرے۔ احتجاج اپوزیشن کا حق ہے، لیکن اس دن ایسا کرنا ہماری روایات کے برخلاف ہے۔