وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے سوشل میڈیا پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے غلط نتائج لکھنے پر مسلم لیگ نون کی ترجمان عظمیٰ بخاری سے معافی مانگ لی۔
سعید غنی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے نتائج شیئر کیے جس میں اُنہوں نے غلطی سے دونوں اسٹیشنز میں 112 لکھ دیا۔
وزیر تعلیم سندھ کا یہ ٹوئٹ دیکھنے کے بعد مسلم لیگ نون کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ’براہِ کرم! نتائج کی مکمل تصویر شیئر کریں۔‘
عظمیٰ بخاری نے سعید غنی سے سوال کیا کہ ’آپ ان دو مختلف نتائج میں سے کس پر یقین رکھتے ہیں؟‘
مسلم لیگ نون کی ترجمان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ ’میری بہن ایک 112 پولنگ اسٹیشنز کا نتیجہ ہے اور دوسرا 123 کا ہے۔‘
سعید غنی نے کہا کہ ’میں نے غلطی سے 123 کی جگہ 112 لکھ دیا تھا لیکن بعد کے ٹوئٹ میں اسکی وضاحت کردی تھی۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’امید ہے آپ کی تشفی ہوگئی ہوگی، میری معمولی سی غلطی سے آپ کو پریشانی ہونے پر میں معذرت خواہ ہوں۔‘
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے قادر مندوخیل جیت چکے ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کے مفتاح اسماعیل دوسرے نمبر پر رہے۔