پاکستان اور افغانستان بارڈر ایریا چمن کے باب دوستی کو آج سے 18 گھنٹے آپریشنل رکھنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
فیڈرل ایونسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے مطابق چمن بارڈر 30 اپریل سے ہفتے کے 7 دن 18 گھنٹے آپریشنل رہے گا۔
ایف آئی اے نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ باب دوستی پر ایف آئی اے کی خدمات بھی ہفتے کے 7 دن جاری رہیں گی۔
دوسری طرف صدر چیمبر آف کامرس جلات خان اچکزئی نے کہا ہے کہ وفاق کے باب دوستی 18 آپریشنل کرنے کے فیصلے پر آج 30 اپریل کو عمل نہیں ہوسکا۔
انہوں نے مزید کہا کہ باب دوستی ہفتے کے 7 دن اور 18 گھنٹے آپریشنل رکھنے کا فیصلہ خوش آئند ہے، اس پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق گزشتہ سال کورونا کے پھیلاؤ کے باعث امیگریشن سروس بند کردی گئی تھی۔
حکام کے مطابق پاک افغان چمن بارڈ ر پر آمد ورفت کورونا ضوابط (ایس او پیز) کے تحت ہوگی۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق افغانستان سے پاکستان آنے والوں کی مکمل اسکریننگ کی جائے گی، اس حوالے سے انتظامات کیے جارہے ہیں۔