لندن (جنگ نیوز) باکسر عامر خان نے بھارت میں کورونا وائرس 19 کی تباہ کاری سے پیدا ہونے والی سنگین صورتحال پر فنڈ ریزنگ کی ایمرجنسی اپیل کا آغاز کر دیا ہے۔ ممبئی میں قائم این جی او نیٹ ورک ڈاسرا اور برطانیہ میں قائم چیرٹی آرگنائزیشن ون فیملی گلوبل کے ساتھ شراکت میں عامر خان فاؤنڈیشن نے ان پانچ پارٹنز آرگنائزیشنز کی نشاندہی کی ہے جو اہم امدادی کاموں میں انتھک محنت کر رہی ہیں۔ ان پارٹنرز میں سواستی، سیو لائف فاؤنڈیشن، اجیویکا بیورو، سواستھ فاؤنڈیشن اور گونج شامل ہیں جو بھارت کے بڑے ریجنز میں کام کرتی ہیں، ان میں بنگلور، دہلی، گجرات، مہاراشٹر اور ممبئی شامل ہیں ۔ یہ سب مل کر ہسپتالوں میں آکسیجن کونسیٹریٹرز کی شکل میں اہم معاونت کرتی ہیں اور ہیلتھ کیئر، فوڈ ڈلیوری سمیت دیگر سہولتیں فراہم کرتی ہیں ۔ دو مرتبہ کے ورلڈ باکسنگ چیمپئن اور فاؤنڈیشن کے بانی و ٹرسٹی عامر خان نے کہا کہ مجھے بھارت کو ہنگامی مدد فراہم کرنے کیلئے وہاں موجود ڈاسرا ، ون فیملی گلوبل اور ہماری پارٹنر آرگنائزیشنز کے ساتھ مل کر کام کرنے پر خوشی ہے۔ وہاں صورت حال نازک ہے۔ نئی دہلی میں ہر چار منٹ پر ایک شخص کی موت ہو رہی ہے۔ ہمارا فرض ہے کہ ہم بھارت میں اپنے بھائیوں اور بہنوں کی ہر ممکن مدد کریں۔ ڈاسرا سے تعلق رکھنے والے وشال کپور نے کہا کہ ہمیں عامر خان فاؤنڈیشن کے ساتھ شراکت پر بہت خوشی ہے اور ان کی سپورٹ پر ان کے اور فاؤنڈیشن کے شکر گزار ہیں۔ ہم خوش قسمت ہیں کہ شاندار این جی او کے پارٹنر بنے ہیں جو پورے ملک کیلئے ناقابل یقین حد تک مشکل وقت میں ہماری انتہائی کمزور کمیونٹیز کو فوری ریلیف فراہم کرنے کیلئے سپورٹ کر رہی ہے۔ ون فیملی گلوبل کے چیئرمین شریف بانا ایم بی ای نے کہا کہ بھارت میں پینڈامک کے تباہ کن اثرات فوری اقدام کے متقاضی ہیں اور اس وقت انتہائی ضرورت مند افراد کو امداد کی فراہمی کیلئے مجھے عامر خان فاؤنڈیشن اور ڈاسرا کو اپنی سپورٹ پیش کرنے پر خوشی ہے۔ فاؤنڈیشن نے جسٹ گیونگ پیج کا آغاز کیا ہے اور وہ اپنی ویب سائٹ www.amirkhanfoundation.com کے ذریعے عطیات قبول کر رہی ہے۔ باکسر عامر خان نے، جو ماہ رمضان میں روزے رکھ رہے ہیں، سوشل میڈیا پر اپنے فالوورز سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ وہ اس ہنگامی صورت حال کو نظرانداز نہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک رحمت کا مہینہ ہے اگر ہم اس پوزیشن میں ہیں کہ جب بھارت میں اپنے دوستوں کو مدد کی زیادہ سے زیادہ ضرورت ہو تو ہم ان کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے دیئے گئے اس موقع سے ہمیں فائدہ اٹھانا چاہئے، بہتر کام کرنا اور بہتر انسان بننا چاہئے۔