• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی ، 51 کاروباری مراکز اور2 ریسٹورنٹس سیل‘27افرادگرفتار

ملتان(سٹاف رپورٹر)ضلعی انتظامیہ، پولیس اور رینجرز کا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف گرینڈ کریک ڈاؤن کے دوران 27افراد کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا جبکہ 8افراد کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیاہے۔ضلع میں51 کاروباری مراکز اور2 ریسٹورنٹس سیل کر دئے گئے۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ محمد عمیر محمود اور ایس پی گلگشت ڈویژن ڈاکٹر محمدرضا تنویر کی قیادت میں گلگشت میں واقع سنوکر کلب پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے 23 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر محمد زبیر کی قیادت میں کارروائی میں شجاع آباد میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر4 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 18دکانیں سیل کردی گئیں۔ اسی طرح سپیشل مجسٹریٹ ڈاکٹرمحمد فاروق نے تھانہ دہلی گیٹ کے علاقہ میں دکانیں کھلی رکھنے پر8دکانداروں کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔ سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن نے بھی ایس او پیز فالو نہ کرنیوالے ٹرانسپورٹرز کے خلاف بڑی کارروائی کی۔انہوں نے مسافر کو چیک کرنے کے لئے ٹمپریشر گن نہ رکھنے پر مدینہ فلائنگ کوچ کے بس اڈے کو سیل کر دیا جبکہ مسافروں کو بغیر ماسک کے بٹھانے پر22 بسوں کو تحویل میں لے لیا۔ٹرانسپورٹ مالکان پر97 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شہریوں میں مفت فیس ماسک بھی تقسیم کئے گئے۔ کورونا ایس او پیز نظر انداز کرنے والے افراد پر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مجموعی طور پر 2لاکھ 50 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
تازہ ترین