کھڑکی کے پردے کُھلےتھے۔ تھوڑی دیر پہلے ہی بارش ہوئی تھی،جس کےپانی کی کچھ بوندیں کھڑکی کے شیشے پر تا حال موجود تھیں۔پورچ کی لائٹوں کی روشنی ان ننّھے قطروں پہ پڑ رہی تھی اور وہ تاروں کی طرح جگمگانے لگے تھے۔کچھ دیر پہلے تاروں بھرا آسمان کھڑکی کے پار بالکل صاف دکھائی دیتا تھا اور اب اچانک یہ بادل پتا نہیں کہاں سے آ ٹپکے تھے۔ اپریل کی اس بارش نے اس کا دل واہموں ، وسوسوں سے بھر دیاتھا۔’’کھیت ،کھلیانوں میں اس وقت گندم کے سنہری پودے کسانوں کی راہ تکتے ہوں گے، یہ بے وقت کی بارش تو کسان کی محنت پہ پانی پھیر دے گی۔‘‘
اس کی سوچیں یوں ہی اِدھر ادھر بھٹک رہی تھیں۔وہ عُمر کے اس حصّے میں تھی، جہاں زندگی اتنی سختیاں دیکھ اور جھیل چُکی ہوتی ہے کہ کسی بھی تصویر کا روشن اور تاب ناک پہلو پس منظر میں چلا جاتا ہے اور تاریکی کے گہرے سائے پھیل کر اس ساری تصویر کو ڈھانپ لیتے ہیں۔ابھی وہ سوچوں ہی میں گُم تھی کہ باہر تیز ہوا کا شور سنائی دینے لگا۔یوں لگ رہا تھا، جیسے ہوا کاطوفان سا آ گیا ہے۔اوپر کی منزل پہ شاید کوئی دروازہ کُھلا رہ گیا تھا،جو ہوا کے زور سے کُھل کے اور کھٹاک کھٹاک کی آواز سے دہلیز سے ٹکرارہا تھا۔ہوا جب بہت تیز رفتار کے ساتھ درختوں کے بیچ سے گزرتی ،تو شائیں شائیں کی خوف ناک آوازیں آتیں۔
طوفان کی منہ زور ہوائیں درو دیوار سے ٹکرا رہی تھیں اور یوں لگتا تھا ، جیسے یہ طوفان آج رات پورے شہر کو تہہ و بالا کر کے رکھ دے گا۔ بارش پھر سے شروع ہو گئی اور اس دفعہ موسلا دھار تھی۔ایک طوفان باہر تھا اور ایک اُس کے دل کے اندر ہل چل مچا رہا تھا،بالکل ایسے،جیسے کچّے مکان تیز بارش کی زد پہ ڈھے جاتے ہیں۔ اُسےلگ رہا تھا کہ مَن کے اندرکا یہ بھونچال بس اُسے ڈھا کے رکھ دے گا۔ اس کا دل ڈوبے جا رہا تھا ۔وہ بار بار کھڑکی کی طرف جاتی ۔ اُس کی نظریں دُور تک گلی میں دیکھ کر واپس لَوٹ آتیں اور پھر گھڑی کو تکنے لگتیں۔دیوار پہ لگی گھڑی بارہ بجا رہی تھی۔’’وہ کیوں نہیں آیا ؟ اب تک تواسے آ جانا چاہیے تھا۔پتا نہیں کہاں رہ گیا ہے؟‘‘وہ بار بار اس کا نمبر ملاتی،جو مسلسل بند جا رہا تھا۔
خیرالنّسا ءکبھی کرسی پر بیٹھتی، پھر اگلے ہی لمحے اُٹھ کھڑی ہوتی ۔ وہ کمرے میں ادھر سے ادھر چکّر لگانے لگتی ،یوں لگ رہا تھا ،جیسے اس کے پاؤں میں پرکار کا چکر ہو۔جیسےکسی ہرنی کا بچّہ گم ہو جائے اور وہ بَن میں بولائی بولائی پھرتی ہے، اس لمحے خیرالنّساء بیگم کی حالت بھی اس ہرنی کی سی تھی۔’’موسم اتنا خراب کیسے ہوگیا؟ اللہ سب کی خیر کرے،اسےاتنی دیر تو نہیں ہونی چاہیے تھی۔ وہ تو کبھی بھی دس بجے سے لیٹ نہیں ہوا ۔کہیں کوئی حادثہ، کوئی ان ہونی نہ ہو گئی ہو۔‘ ‘ وہ دل ہی دل میں بڑبڑائی۔
اور پھر سوچنے لگی کہ ایک عورت جب ایک بچّے کو جنم دیتی ہے، تو وہ صرف بچّے ہی کو جنم نہیں دیتی، اولاد کے ساتھ ساتھ لاکھوں اندیشےاور وسوسے بھی جنم لے لیتے ہیں۔ایک طرف اولاد کی پیدایش کی خوشی ہوتی ہے، تو دوسری جانب ماں کی امتحان بھری زندگی کا بھی آغاز ہوجاتا ہے، روح جیسے کانٹوں میں الجھ کر رہ جاتی ہےکہ ’’میرا بچّہ اتنا روئے کیوں جارہا ہے؟ کہیں بیمار تو نہیں ؟‘‘ چُپ ہو تو اسے یہ وہم گھیر لیتا ہے کہ ’’یہ اتنی دیر سے چُپ کیوں ہے ؟یہ عام بچّوں کی طرح رو کیوں نہیں رہا؟‘‘بچّہ دیر تک باہر رہے تو دل سے ہر وقت اس کی سلامتی کی دُعائیں نکلتی رہتی ہیں۔
خیرالنّساء کی شادی ایک بیوروکریٹ سے ہوئی تھی۔ اُس کے لیےزندگی حقیقی معنوں میںپھولوں کی سیج ہی تھی۔ایک امیر کبیر گھرانے میں جنم لیا ،منہ میں سونے کا چمچ لے کر پیدا ہوئی،پھر شوہر بھی بہت پیار کرنے والا ملا، جو اُسے ہر دَم ہتھیلی کا چھالا بنا کے رکھتا ۔زندگی اُس کے لیے سُکھ ہی سُکھ تھی، دُکھ کا تونام و نشان بھی اس نے کبھی اپنے آس پاس نہیں دیکھا تھا۔اور پھر اس کا بیٹا،ارسلان پیدا ہوا تو لگا ،کائنات کی سب خوشیاں سمیٹ کر اس کے دامن میں بھر دی گئی ہیں۔مگربہت سی خوشیوں کی انگلی پکڑ کے لاتعداد وسوسوں نے بھی اس کے گھر کی راہ دیکھ لی تھی۔
بطور بیوی اسے جہانگیر خان کی جتنی فکر رہتی تھی ، ماں بننے کے بعد اپنے بچّے کے باپ کے طور پر جہانگیر کی اہمیت اس سے کئی گُنا بڑھ گئی تھی۔اب وہ ایک ایک بات نوٹ کرتی کہ کب وہ دفتر گیا ہے ،کب واپس آیا ہے۔اسے دیر ہوجاتی تو وہ بار بار فون کرتی رہتی ’’کہاں رہ گئے ؟ کب تک گھر پہنچیں گے؟ ارسلان آپ کے بغیر بہت بے چین ہے۔
وہ آپ کا انتظار کر رہا ہے۔‘‘کبھی ارسلان کی فکر ستاتی ،تو کبھی جہانگیر کے دیر سے لَوٹنے پر پریشان ہوجاتی۔ وہ کہتے ہیں ناں کہ ’’انسان کی چھٹی حِس اسے آنے والے خطروں سے آگاہ کرتی رہتی ہے۔کچھ اَن ہونی ہونے جا رہی ہو توایک بے نام سی بے قراری قلب و روح کے اندر ڈیرے ڈال لیتی ہے۔‘‘ تو شاید خیر النّساء کے یہ وسوسے اُسے آنے والے وقت کی خبر دے رہے تھے، تب ہی وہ ذرا ذرا سی بات پر پریشان ہونے لگی تھی ۔اور پھر وہی ہوا، اُس روزجب رات گئے تک جہانگیر خان واپس نہ آئے تو اُسے سخت پریشانی لاحق ہو گئی۔ طوفانی رات تھی ، اُس کا دل بہت بے چین ہو رہا تھا۔ بار بار دروازے کی طرف تکتی ۔
کئی مرتبہ اُٹھ کر دروازے تک گئی، دروازہ کھول کے گلی میں جھانکا اور دُور تک رات سے نبرد آزما روشنیوں میں سنسان پڑی گلی دیکھ کر مایوس لَوٹ آئی۔ اُس کے من میں تاریکی سی پھیلتی جا رہی تھی۔ اور پھر وہ رات اس کے لیے واقعی قیامت کی رات ثابت ہوئی کہ جہانگیر تو نہ آئے ،ایمبولینس میں ان کی میّت ضرورلائی گئی۔دفتر سے واپسی پر تیز بارش میں ان کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا تھااورحادثہ اتنا شدید تھا کہ جہانگیر خان موقعے ہی پر جاںبحق ہو گئے۔خاوند کے مرنے کے بعد تووہ جیسےایک زندہ لاش بن کر رہ گئی تھی۔ کچھ عرصہ تو اس پہ سکتے کی سی کیفیت رہی ، نہ بولتی چالتی تھی،نہ کھاتی پیتی تھی۔
بس پتھر کا بُت بن کے رہ گئی تھی۔ رفتہ رفتہ ارسلان کے لیے اُس نےخود کو سنبھالاکہ اب ارسلان ہی اس کی کُل کائنات تھا۔ وہ اُسے ہی دیکھ دیکھ جیتی تھی۔ اس کی ہنسی ، شوخیوں ، شرارتوں، معصومانہ باتوں نے اس کی زندگی میں خوشیوں کے پھول پھر سے کھلا دئیے تھے۔وقت گزرتا گیا اور ارسلان بچپن سے لڑکپن اور پھر جوانی کی دہلیز تک آن پہنچا۔اب وہ دفتر جاتا تو خیرالنسا ءاس کی واپسی تک بے چین رہتی۔جب تک وہ گھر لَوٹ نہ آتا، اُس کے دل کو ایک پل کے لیے بھی قرار نہ آتاکہ اِک عجب بے اعتباری نے اس کےپورے وجود کا احاطہ کرلیا تھا۔
اور…آج رات بھی طوفانی بارش ہورہی تھی۔ اسی لیے خیرلنساء کا دل ڈوباجا رہا تھا۔ مگر اب بارش تھم چُکی تھی۔وہ کھڑکی سے چپکی کھڑی رہی،کافی دیر کھڑے رہنے کے بعد اس کی ٹانگیں دُکھنے لگیں،تو مڑ کر کرسی کی طرف بڑھنےلگی تھی کہ کھڑکی پہ روشنی سی چمکتی نظر آئی۔وہ تیزی سے مُڑی گلی میں ایک موٹر سائیکل رُکی تھی، جسےدیکھ کر اس کا دل پھر سے مایوسی کے تاریک سایوں میں ڈوب گیا کہ اس کا ارسلان تو گاڑی میں دفتر جاتا تھا، مگر یہ تو کسی کی موٹر سائیکل تھی۔وہ تھکی تھکی سی مُڑی اور کرسی پہ ڈھے سی گئی۔
اُس سیاہ رات کی یاد نے اسے بالکل ہی نڈھال کر دیا تھا، جس رات جہانگیر خان کی لاش گھرآئی تھی۔ اُس حادثے نے اسے وہم کا مریض بنا دیا تھا،ارسلان اگر کبھی لیٹ ہو جاتا تو اُس پرایک ایک لمحہ قیامت بن کر ہی گزرتاتھا ۔اس کا سر جُھکا ہوا اور آنکھیں نم تھیں۔دماغ پہ دھندلاہٹ سی چھا رہی تھی کہ اُسے کاریڈور میں قدموں کی آہٹ سُنائی دی۔کوئی آہستہ آہستہ اس کے دروازے کی طرف آ رہا تھا۔ قدموں کی آہٹ اچانک خاموش ہو گئی ۔ وہ کرسی سے اُٹھی اور تقریباً دوڑتے ہوئے دروازے تک گئی ، دروازہ کھولا تو سامنے ارسلان کھڑا تھا۔
اُس نے ڈوبتے دل، لرزتے ہاتھوں کے ساتھ ساتھ بارش میں بھیگے ارسلان کو ساتھ لپٹا لیا۔ آنکھوں میں گویا آنسوؤں کا سیلاب اُمڈ آیاتھا۔ آنسو بہہ بہہ کر ارسلان کے گیلے کپڑوں میں جذب ہو رہے تھے۔’’ماں جی !آپ رو کیوں رہی ہیں؟‘‘ کمرے سے آتی روشنی میں خیرالنساء کے چہرے پہ آنسو جگمگا رہے تھے۔’’تم نے آنے میںاتنی دیر کیوںکر دی ؟ میری تو جان ہی نکل گئی تھی۔‘‘’’دفتر سے نکلتے نکلتےدیر ہو گئی،پھر راستے میں بارش نے آگھیرا۔
گاڑی بند ہو گئی، موبائل چارج نہیں تھا۔وہ تو شکر ایک موٹر سائیکل والے کواللہ نے فرشتہ بنا کے بھیج دیا، تو وہی مجھے گھر کے دروازے پر اُتار کر گیا ہے۔مَیں نے سوچا آپ سو رہی ہوں گی، اس لیے بیل نہیں بجائی۔ چابی سے خود ہی دروازہ کھول لیا ۔ارسلان نے اپنے گیلے بالوں میں ہاتھ پھیرتے ہوئے کہا۔ ’’آپ سو جاتیں، کیوں اتنی رات تک جاگ رہی ہیں۔ پیاری ماں!دیر سویر ہو ہی جاتی ہے، مَیں اب دودھ پیتا بچّہ تھوڑی ہوں،بڑا ہو گیا ہوں۔‘‘ ارسلان نے مُسکرانے کی کوشش کی۔
’’کاش! تمہارے سینے میں ماں کا دل ہوتا ،تو تمہیں پتا چلتا کہ جب جوان بیٹا ایک طوفانی رات میں گھر سے باہر ہو تو ایک ماں کی آنکھوں کے لیے نیند کتنی اجنبی ہو جاتی ہے۔ ‘‘موسلا دھار بارش پھر سے شروع ہو گئی تھی، باہر بادل کڑکے، آسمانی بجلی نے کھڑکیوں سے جھانکا۔ بجلی کی چمک میں خیرالنساء کے چہرے پہ آنسو جگمگا رہے تھے۔ ماں کا چہرہ دیکھ کے ارسلان کی آنکھوں سے بھی آنسو ٹپ ٹپ گرنے لگے، تواُس نے روتے ہوئے اپنا چہرہ ماں کی آغوش میں چُھپا لیا۔