تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل:کائنات
عبایا اسکارف:حجاب النساء گارمنٹس، لاہور
آرایش:دیوا بیوٹی سیلون
عکّاسی: عرفان نجمی
لے آوٹ: نوید رشید
ماہِ صیام کے آخری عشرے میں ربِّ کریم کے حضور کی جانے والی دُعائیں خصوصیت سے شرفِ قبولیت حاصل کرتی ہیں۔ اس وقت دُنیا بَھر کے ساتھ ہمارا مُلک بھی کورونا وائرس کی تیسری لہر سے نبرد آزما ہے۔ متعدّد علاقوں میں جزوی لاک ڈاؤن ہے۔ کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ آنے والے ایّام کیسے ہوں گے، لہٰذا اللہ کے حضور گداز دِل سےرو رو کے دُعا کیجیے کہ پوری دُنیا سے جلد از جلد اس وَبا کا قلع قمع ہوجائے۔
چوں کہ عشرۂ آخر کی مناسبت سے ہر طرف نور کی چادر سی تنی ہے، تو ہم نے بھی ایک بار پھر اپنی بزم موقعے اور ماحول سے ہم آہنگ ہی رکھنے کی کوشش کی ہے۔ ذرا دیکھیے، فیروزی رنگ پلین ڈبل لئیر کفتان اسٹائل عبایا کس قدر باوقار لگ رہا ہے،جس کے ساتھ فیروزی اور نیلے رنگ کےحجاب سے نہایت سلیقے سے سَر ڈھانپا گیا ہے۔جارجٹ فیبرک میں باٹل گرین رنگ ایمبرائڈرڈ عبایا بھی عمدہ انتخاب ہے۔ عبایا کا انر پلین ہے، تو اپر پر تھریڈ اور مکیش ورک خوش گوار تاثر دے رہا ہے۔ پھر نیوی اور رائل بلیو رنگوں کے امتزاج میں ڈبل لئیر عبایا بھی خاصا جاذبِ نظر ہے۔
عبایا کا انر نیوی بلیو رنگ کا ہے، جس پر مکیش ورک ہے، تو اپر کا پرنٹ لہریے دار۔ ساتھ نیوی بلیو رنگ کا پلین اسکارف خُوب سلیقے و نفاست سے لیا گیا ہے۔سیاہ رنگ عبایاکی دِل کشی ورعنائی بھی کچھ کم نہیں۔ عبایا کا انر پلین ہے، جب کہ ٹیل اسٹائل میں نیٹ کا کام دار اپر ہے۔پھر سفید رنگ عربی اسٹائل عبایا کے بھی کیا ہی کہنے۔ عبایا کے باٹم اور آستینوں پر سیاہ رنگ ریڈی میڈ لیس کی ہم آمیزی ہے، تو سیاہ و سفید حجاب سے بالوں کو انتہائی نفاست سے کور کیا گیا ہے۔