• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صورتحال بگڑی تو مزید سخت پابندیاں لگائی جاسکتی ہیں، بیرسٹر مرتضی وہاب

سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کورونا وائرس کی تازہ صورتحال سے متعلق کہنا  ہے کہ خدانخواستہ صورتحال بگڑی تو مزید سخت پابندیاں لگائی جاسکتی ہیں۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کورونا وائرس کی تیسری لہر  اور پابندیوں کے حوالے سے ایک ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کورونا وائرس خطرناک صورتحال اختیار کرتا جارہا ہے، مزید پابندیوں سے بچنے کے لیے شہری حکومتی ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کریں۔

انہوں نے کہا کہ مشاہدے میں آیا ہے کہ شہری اور تاجر برادری ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد سے گریزاں ہے، ریستوران کو اجتماعی دعوتوں کے لیے استعمال کرنے کی شکایات ہیں، دکانیں چھ بجے کے بعد بھی کھلی رکھنا حکومتی ہدایات کے خلاف ہے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا ویڈیو بیان میں کہنا ہے کہ اپنے، اپنے اہل خانہ اور پورے ملک کے شہریوں کے تحفظ کے لیے خدارا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے عوام سے اپیل کی ہے کہ حکومت اور قانون نافز کرنے والے اداروں کا ساتھ دیں، وباء پر قابو پانے کے لیے حکومت کو عوام کا تعاون درکار ہے۔

تازہ ترین