پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رضا ربانی نے عالمی یوم آزادی صحافت پر صحافیوں کے تحفظ سے متعلق پالیسی اور قانون سازی کا مطالبہ کردیا۔
رضا ربانی نے کہا کہ مئی 2020 سے اپریل 2021 کے دوران 15 ہزار میڈیا ورکرز ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر، سینیٹر شیری رحمان کا آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر کہنا تھا کہ آزادی صحافت ہمارے منشور کا حصہ ہے کیونکہ صحافیوں نے ہمارے ساتھ جدوجہد کی ہے۔
شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ آزادی صحافت کے عالمی دن پر پاکستان کی صحافی برادری کو خراج پیش کرتی ہوں، انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس نے پاکستان کو صحافیوں کے لیے دنیا کا پانچواں خطرناک ترین ملک قرار دیا۔
پی پی نائب صدر نے کہا کہ میڈیا کی آزادی کے لیے پیپلز پارٹی صف اول ہے اور رہے گی، صحافیوں نے پیپلزپارٹی کے ساتھ آمریت کا مقابلہ کیا۔