• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا نے بایو ببل پھاڑ دیا، کولکتہ کے پلیئرز میں کورونا کی تصدیق، آئی پی ایل کو شدید خطرات

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارتی کرکٹ بورڈ اپنی ھٹ دھرمی پر قائم ہے جس کی بنا پر انڈین پریمیر لیگ شدید خطرات سے دوچار ہوگئی ہے۔ وائرس نے بایو ببل پھاڑ دیا۔کول کتہ نائٹ رائیڈرز کے ورون چکرورتی اور سندیپ واریئر میں کووڈ19 کی تصدیق ہوگئی ہے، ٹیم اور آفیشلز کو آئسولیٹ کردیا گیاہے۔ آئی پی ایل میں پیر کی شب ہونے والا رائل چیلنجرز بنگلور اور کولکتہ نائٹ رائیڈر کا میچ ملتوی کردیا گیا۔ بات یہیں نہیں رکی، بلکہ چنئی سپر کنگز کے تین اراکین کے بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان میں سے کوئی کھلاڑی نہیں ہے۔ آفیشل میں سی ای او کاشی وشواناتھن، بولنگ کوچ بالا جی اور بس کلینر شامل ہے۔ غیر ملکی کھلاڑی شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ آئی پی ایل گورننگ کونسل نے فوری طور پر تمام فرنچائز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے کھلاڑیوں اور آفیشل کے کورونا ٹیسٹ کرائیں۔ دہلی کے گرائونڈ اسٹاف کے کچھ اراکین کے بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی اطلاعات ہیں۔ دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ گرائونڈ میں پریکٹس سیشن منسوخ کردیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے تصدیق کی کہ کولکتہ کےکیمپ میں کوروناکے کیسز کے بعد بنگلوران کے خلاف میدان میں اترنے کے خواہشمند نہیں تھی ۔رپورٹ کے مطابق ورون چکرورتی اور سندیپ وارئیرز کو اس وقت کورونا ہوا جب وہ انجری کے باعث میڈیکل چیک اپ کے لیے باہر گئے تھے۔ دوسری جانب کورونا کی بگڑتی صورتحال کے باوجود لیگ کو جاری رکھنے پر منتظمین کو شدید تنقید کاسامنا ہے، میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ لیگ کے ملتوی ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

تازہ ترین