• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجٹ میں ریلیف دیں گے، مہنگائی روکنے پر خصوصی توجہ اور ترقیاتی منصوبے ترجیح ہونگے، وزیراعظم، الیکٹرونک ووٹنگ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کیلئے آرڈیننسز منظور

بوڑھے ماں باپ کے تحفظ کے حوالے سے قانون سازی کے عمل کو تیز کیاجائے،وزیراعظم 


اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی کابینہ نے الیکشن کمیشن کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) کے استعمال اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کی سہولت کے لئے اختیارات دینے سے متعلق 2آرڈیننس، سندھ حکومت کی درخواست پر سندھ میں ایس او پیز پر عمل درآمد کے لئے فوج تعینات کرنے ،عید الفطر پر قیدیوں کی سزائوں میں 90دن معافی ‘این ای ڈی یونیورسٹی کے 100 سال مکمل ہونے پر یادگاری سکے کے اجراء‘پاک سعودیہ سپریم کورآرڈی نیشن کونسل کے قیام کے فیصلے اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی تنظیم نو کی منظوری دیدی ہے‘سرکاری ملازمین نوکری سے استعفیٰ دئیے بغیر ایم پی ون اور ایم پی ٹو اسکیل کے حصول ‘ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد ‘آئی پی پیز کے ساتھ معاملات طے کرنے کے حوالے سے کمیٹی کے قیام کے فیصلے کی بھی توثیق کی گئی جبکہ وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ آئندہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف ‘عوامی ضروریات کے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی‘مہنگائی روکنے پرحکومت کی خصوصی توجہ ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مشیرتجارت رزاق داؤد نے عیدالفطر کی 6 چھٹیاں دینے پر اعتراض کیا‘ ان کا کہنا تھا کہ عیدالفطر کی 3 چھٹیاں دینی چاہئیں ‘ 6 چھٹیوںسے ایکسپورٹرز کو مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ وزیراعظم نے عید کی تعطیلات کے دوران ایکسپورٹرز کے مسائل حل کرنے کی ہدایت کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو اجلاس کی کارروائی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے اجلاس کے آغاز میں ہدایت دی کہ بوڑھے ماں باپ کے تحفظ کے حوالے سے قانون سازی کے عمل کو تیز کیاجائے ۔ وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے بتایا کہ عید کے آخر تک مقامی طور پر تیار کی جانے والی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا ماڈل پروٹوٹائپ مکمل طور پر تیار کر لیا جائے گا ۔ مشیر پارلیمانی امور نے بتایا کہ الیکٹرانک ووٹنگ کے حوالے سے بڑی پیش رفت میں الیکشن کمیشن ووٹنگ کے عمل کو الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے کرانے پر تیار ہے اور اس حوالے سے قانون سازی کی جارہی ہے ۔ کابینہ نے بریگیڈئر عتیق احمد کو ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا بورڈ میں بطور ممبرکنٹرول تعینات کرنے کی منظوری دی ۔کابینہ نے پیسے کا سراغ لگانے کے حوالےسے نیشنل پالیسی بیان کی بھی منظوری دی‘ کابینہ نے احسن علی چغتائی کو نیشنل بینک آف پاکستان کے بورڈ میں بطور پرائیویٹ ممبر تعیناتی کی منظوری دی۔ کابینہ نے محمد سہیل راجپوت کی جگہ ایڈیشنل سیکرٹری فنانس کی بطور سرکاری ممبر تبدیلی کی منظوری دی۔کابینہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سعودی۔پاکستان سپریم کوآرڈینیشن کونسل کے قیام کیلئے معاہدے کی منظوری دی۔ وزیراعظم پاکستان اور سعودی ولی عہد اس کونسل کی مشترکہ صدارت کریں گے۔کابینہ نے ماحولیات کے شعبہ میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین مفاہمت کی یادداشت کے مجوزہ مسودے کی منظوری دی۔کابینہ نے امیگریشن آرڈیننس 1979ء کے تحت اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹر لائسنسوں کی تنسیخ کے حوالہ سے اپیلوں کی سماعت کیلئے کابینہ ممبران (وزیر برائے تعلیم اور وزیر برائے انسانی حقوق) پر مشتمل کمیٹی کے قیام کی منظوری دی۔ پاکستان ریلویز کے آپریشنز میں نجی شعبہ کی شمولیت کو یقینی بنانے اور اس حوالہ سے نجی شعبہ کی بھرپور شمولیت کی حائل میں ایک بڑی رکاوٹ کو دور کرنے کے حوالہ سے وفاقی کابینہ نے اہم فیصلہ لیتے ہوئے نجی شعبہ کی جانب سے دی جانے والی بولیوں (بڈز) پر 10 فیصد ایڈوانس ود ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمہ کی منظوری دی ۔ وفاقی کابینہ نے سیّد نجم سعید کو ریلوے کنسٹرکشن پاکستان لمیٹڈ کا چیف ایگزیکٹو آفیسر تعینات کرنے کی منظوری دی ہے۔کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 28 اپریل 2021ء کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی منظوری دی۔

تازہ ترین