• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

منگھوپیر میں ہیلتھ سٹی کے قیام کا خواب ضرور پورا ہوگا، ایڈمنسٹریٹر

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ منگھوپیر میں 30 ایکڑ رقبے پر ہیلتھ سٹی کے قیام کا خواب ضرور پورا ہوگا، سول سوسائٹی مختلف سماجی اور فلاحی اداروں کی تعاون و اشتراک سے ہیلتھ سٹی میں صحت کی مختلف سہولتیں فراہم کی جائیں گی، یہ بات انہوں نے سول سوسائٹی کے نمائندوں اور کے ایم سی کے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جنہوں نے منگھوپیر میں واقع لیپروسی اسپتال اور اس سے ملحقہ اراضی کا دورہ کیا تھا اور ایڈمنسٹریٹر کراچی سے فیض قدوائی کی سربراہی میں ملاقات کی،ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ منگھو پیر پر کے ایم سی کی 30ایکڑ زمین موجود ہے جہاں پہلے سے جذام اسپتال کام کررہا ہے، یہ جگہ اب جذام کے علاج کے ساتھ ساتھ ہیلتھ سٹی کے طور پر بھی استعمال کی جائے گی اور مختلف اداروں کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ یہاں مختلف طبی سہولتوں کے مراکز قائم کریں جس میں ڈائیگناسٹک لیبارٹری، ایکسرے، سٹی اسکین، بلڈ بینک، آپریشن تھیٹر سمیت مختلف نوعیت کی سہولتیں موجود ہوں تاکہ ایک جگہ پر بیمار افراد کو تمام طبی سہولتیں میسر آسکیں، کے ایم سی ایسے اداروں کو ہر قسم کی سہولت مہیاکرے گی ، اور شہر کے بڑے اسپتالوں پر مریضوں کے بوجھ میں بھی کمی واقع ہوگی، ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی 14 بڑے اسپتال اپنے محدود وسائل کے باوجود چلا رہی ہے جن سے لاکھوں شہری استفادہ کررہے ہیں۔

تازہ ترین