• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رنگ روڈ منصوبہ ،معطلی کیخلاف لینڈ ایکوزیشن کلکٹرکی اپیل مسترد

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے)باخبر ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب نے رنگ روڈ منصوبہ کے لینڈ ایکوزیشن کلکٹر وسیم تابش کی معطلی کے خلاف اپیل مسترد کردی ۔وسیم تابش نے منصوبہ کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی طرف سے معطلی کے حکم کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں چیلنج کیا تھااور عدالت عالیہ نے معاملہ چیف سیکرٹری پنجاب کو بھجواتے ہوئے دو دن میں ذاتی شنوائی کرکے فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھاجس کی روشنی میں چیف سیکرٹری پنجاب نے وسیم تابش کو سن کر اپیل مسترد کردی۔ ذرائع کے مطابق تین صفحات پر مشتمل فیصلہ کی کاپی کمشنر راولپنڈی ڈویژن،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی، ایڈیشنل رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ کو بھی بھجوائی گئی ہے۔دوران سماعت وسیم تابش نے موقف اختیار کیا کہ ان کا منصوبہ کی ڈیزائننگ سمیت کسی بھی عمل میں کوئی کردار نہیں۔انہوں نے ایک قومی منصوبہ کیلئے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور کنسلٹنٹ کے کہنے پر کام کیا۔لینڈ ایکوزیشن کیلئے اراضی کی تعین شدہ قیمت کیلئے ڈسٹرکٹ پرائس اسیسمنٹ کمیٹی کے بھی ممبر نہیں تھے۔میری ساری سروس تحصیلدار کی ہے۔ مجھے منصوبہ کیلئے قائم کی گئی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی پر اعتماد نہیں۔کمیٹی جانبدار ہے۔منصوبہ کیلئے ایک آزاد اورغیر جانبدار کمیٹی بنائی جائے۔ٓذرائع کے مطابق وسم تابش کو معطل کرنے والی فیکٹ فائڈنگ کمیٹی کے ایک رکن کا بیان بھی چیف سیکرٹری کی سماعت میں پیش کیا گیاجس کے بارے میں ذرائع کا دعوی ہے کہ اس پر اس رکن کے دستخط نہیں ہیں۔رنگ روڈ منصوبہ میں بعض اہم حکومتی شخصیات کے نام بھی لئے جارہے ہیں جبکہ نزلہ سارا انتظامی سائیڈ پر ڈال دیا گیا ہے۔انکوائری کے نام پر منصوبہ کو کیپ کردیا گیا ہے۔زرائع کے مطابق جس چیز کی انکوائری کیلئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی گئی تھی اس کا فیصلہ چیف سیکرٹری نے وسیم تابش کیس میں کردیا ہے،اب اس فیصلے کے بعد فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کیا کرے گی۔ ذرائع کے مطابق واضح طور پر نظر آرہا ہے کہ چیزوں کو گھمایا پھرایا جارہا ہےاور نقصان صرف راولپنڈی کے میگا پراجیکٹ کا کیا گیا ہے۔
تازہ ترین