• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صنعتی ترقی کو فروغ دینے کے لئے ضروری اقدامات کررہے ہیں، عبدالکریم

پشاور ( جنگ نیوز )خیبر پختونخوا حکومت صوبے میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے صوبے میں صنعتی ترقی کو فروغ دینے کے لئے ضروری اقدامات کر رہی ہیں اور اس میں حائل تمام مسائل کو حل کر نے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے ،ان خیالات کا اظہار وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم نے سمال انڈسٹریل ڈیویلپمنٹ بورڈ کی طرف سے بریفنگ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مینجنگ ڈائریکٹرز سمال انڈسٹریل ڈیویلپمنٹ بورڈ غضنفر نے معاون خصوصی کو تفصیلی بریفنگ دی اور ادارے کے جاری ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں معاون خصوصی کو آگاہ کیا اور درپیش چیلنجوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ ادارے کے ملازمین کو درپیش دیرینہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ ملازمین میں بے چینی کا خاتمہ کیا جائے ۔اجلاس کو صوبے میں نو تعمیر شدہ صنعتی زون اور ان کے لئے درکار وسائلِ پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔آخر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبدالکریم نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کر رہی ہیں،معاون خصوصی نے اس موقع پر سمال انڈسٹریل ڈیویلپمنٹ بورڈ کو درپیش مسائلِ فوری طور پر حل کرنے کی یقین دہائی کرائی اور متعلقہ حکام کو ادارے کے تمام زیر التوا منصوبوں باالخصوص توانائی کے حوالے سے مسائل اور منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی اورکہاکہ اس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جا ئے گی، اور اس کے ساتھ ساتھ پیداواری صلاحیت کو بھی بڑھانی ہوگی جبکہ نئے تعمیر شدہ صنعتی زون پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ صوبے میں روزگار کے مواقع کے ساتھ ساتھ معاشی اور تجا رتی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جائے۔معاون خصوصی نے سختی سے ہدایت کی کہ صوبے کے تمام انڈسٹریل اسٹیٹ میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں جبکہ اس میں غفلت برتنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی انہوں نے حکام کو تمام صنعتی زون میں زیادہ سے زیادہ سے پودے لگاکر کلین اینڈ گرین مہم میں بھی اپنا کردار ادا کرنے کی ہدایت کی معاون خصوصی نے اس موقع پر اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ سرمایہ کاروں کو جدید مشینری کے استعمال کی طرف راغب کریں اور ساتھ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی بدولت پیدا واری صلاحیت کے ساتھ ساتھ صنعتوں کو ماحول دوست بھی بنایا جائے ۔
تازہ ترین