کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیرخزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ صرف دو سال کے بار ے میں نہیں اگلے پندرہ سال کے بارے میں سوچ رہا ہوں، میں کہتا ہوں ٹیکس آمدنی اور consumption پر لگنا چاہئے، ہم باقی جو ٹیکس لگاتے ہیں آہستہ آہستہ ان سے نکل جانا چاہئے، ٹیکس وصولی بڑھانے کیلئے زیادہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لے کر آئیں گے.
ریٹیل بزنس اور پروفیشنل لوگوں سے ٹیکس وصول کرنے کے بڑے مواقع ہیں، شناختی کارڈ نمبر سے سب کے لائف اسٹائل کا پتہ چل جائے گا، ٹیکس وصولی بڑھائیں گے مگر لوگوں کو ہراساں بھی نہیں کریں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک انٹرویو میں کیا۔ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ روپیہ مستحکم اور ڈسکاؤنٹ ریٹ 7فیصد پر ہے، لارج اسکیل مینوفیکچرنگ ترقی کررہی ہے۔