• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

‎عمران صاحب نے سیاسی مخالفین کے نام بلیک لسٹ میں شامل کروائے، مریم اورنگزیب


پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ‎عمران صاحب نے سیاسی مخالفین کے نام بلیک لسٹ میں شامل کروائے، ‎شہباز شریف کا نام کبھی بھی ای سی ایل پر نہیں تھا۔

مریم اورنگزیب نے وزیراطلاعات فواد چوہدری کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی انتقام کی بنا پر شہباز شریف کا نام بلیک لسٹ میں شامل کیا گیا۔

ترجمان  مسلم لیگ ن نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شہباز شریف کا نام بلیک لسٹ میں شامل کرنا غیرقانونی تھا، بلیک لسٹ میں شہباز شریف کا نام عمران صاحب کے غیرقانونی حکم پر شامل ہوا تھا، بلیک لسٹ میں دہشت گردوں اور ریاست مخالف لوگوں کے نام شامل کئے جاتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف کے سفری طرز عمل کو دیکھتے ہوئے عدالت نے ایک بار سفر کی اجازت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اربوں کی منی لانڈرنگ کے الزام کنٹینر پر ہی رہ گئے ہیں کسی عدالت میں ثابت نہیں ہوئے، فارن فنڈنگ کیس عمران صاحب کے خلاف اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا اوپن اینڈ شٹ کیس ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب عوام کو ریلیف، روزگار، آٹا اور چینی دینے پر تیار نہیں، عمران صاحب اپنی سیاست اپوزیشن کو جیلوں میں قید اور بلیک لسٹ میں شامل کرکے بچانا چاہتے ہیں۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ آٹا، چینی چوروں، بی آر ٹی پشاور، مالم جبہ کے مجرموں کو نہ پکڑنا قانون کے ساتھ مذاق ہے۔

تازہ ترین