• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کا پانی روک کر کراچی کو سزا دی جارہی ہے، بلاول بھٹو


پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ کا پانی روک کر پی ٹی آئی کراچی کو سزا دے رہی ہے۔

کراچی سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی نااہل حکومت نے سندھ میں پانی کا بحران پیدا کیا۔

انہوں نے سندھ میں پانی کی قلت پر پی ٹی آئی کو آڑے ہاتھوں لیا اور متنازع چشہ جہلم لنک کینال کو فی الفور بند کرنے کا مطالبہ کیا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاقی حکومت کی نااہلی نے سندھ میں پانی کا بحران پیدا کردیا، حکومت کی بدانتظامی کی وجہ سے ڈیموں میں پانی کی کمی ہوئی، پی ٹی آئی نے غیرقانونی تونسہ پنجند لنک کینال کو بند کیا۔

اُن کا کہنا تھاکہ اگر مسئلہ حل نہیں کیا گیا تو سندھ کے زیریں علاقوں میں قحط کی صورت حال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

پی پی چیئرمین نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے عوام کا مقدمہ لڑا تو پی ٹی آئی حکومت نے مجبور ہوکر غیرقانونی تونسہ پنجند لنک کینال کو بند کیا، ارسا صرف معاہدے کے تحت پانی کی تقسیم کی مانیٹرنگ کا ادارہ ہے، پانی کی ترسیل میں من مانیاں نہیں چلیں گی۔

انہوں نے کہاکہ منگلا ڈیم کو ارسا کے طے شدہ متنازع فارمولے سے زیادہ بھرنے کی وجہ سے سندھ میں پانی کی قلت پیدا ہوئی۔

بلاول بھٹو نے مزید کہاکہ نوبت یہاں تک پہنچ گئی کہ سکھر بیراج میں 27 فیصد جبکہ کوٹری بیراج میں پانی کی 44 فیصد تک کمی ہوچکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں گڈو بیراج سے پانی کی ترسیل بند ہوچکی ہے، پی ٹی آئی حکومت سندھ سمیت پورے پاکستان میں پانی کی ترسیل کی منصفانہ تقسیم میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگر ہنگامی بنیادوں پر پانی کا بحران حل نہ کیا گیا تو فصلوں کی بوائی نہیں ہوسکے گی اور سندھ کے زیریں علاقوں میں قحط جیسی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے۔

تازہ ترین