• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب، حرمین میں جمعۃالوداع، ہزاروں نمازی شریک

جدہ (شاہدنعیم) سعودی عرب میں ہزاروں سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں نے رمضان کا آخری جمعہ مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ میں ادا کیا ہے۔ جمعۃ الوداع کے موقع پر کورونا سے بچائو کیلئے ایس او پیز کا بھرپور خیال رکھا گیا جبکہ دنیا بھر کے لوگوں کے کورونا سے تحفظ کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں،مسجد الحرام میں جمعے کی نماز شیخ ڈاکٹر سعود الشریم نے پڑھائی۔ انہوں نے جمعے کا خطبہ رمضان کے باقی ماندہ ایام کے دوران نیک کاموں کی ترغیب کے موضوع پر دیا۔ مسجد نبوی میں جمعے کی نماز امام و خطیب شیخ حسین آل الشیخ نے پڑھائی۔ انہوں نے جمعے کا خطبہ دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی دنیا بھر کے لوگوں کو کورونا وبا سے نجات دے۔ مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی میں جمعے کی نماز شروع ہونے سے قبل ہی کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے تھے۔ نمازی بھی حفاظتی ماسک پہن کر پہنچے تھے جبکہ نماز کے دوران سماجی فاصلہ قائم کیے ہوئے تھے۔ دونوں مقدس مساجد کے دروازوں پر کورونا وائرس سے بچاؤ کے تھرمل کیمرے لگے ہوئے تھے۔ اس کے باوجود دونوں مقدس مساجد میں سیکورٹی اہلکار کورونا ایس او پیز کی پابندی کے لیے مسلسل چوکس تھے۔

تازہ ترین