وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ مرزا شہزاد اکبر نے شہباز شریف کو ملک سے باہر نہ جانے دینے کی وجہ بتادی۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کا حکم دیا، مگر شہباز شریف کا نام عبوری قومی شناختی فہرست یعنی پی این آئی ایل میں موجود ہے، اس لیے انھیں ملک سے باہر جانے نہیں دیا گیا۔
شہزاد اکبر نے کہا کہ دفاتر اب عید کے بعد کھلیں گے تو معاملہ دیکھیں گے۔
مشیر داخلہ نے مسلم لیگ ن کے ارکان پر ایف آئی اے کے دفتر پر دھاوا بولنے کا بھی الزام لگادیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن والے بند دفتر میں درخواست پھینک کر آ گئے ہیں۔
شہزاد اکبر نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ضمانت کے مقدمے میں ایسا فیصلہ نہیں دیا جاسکتا جس کا حتمی فیصلے پر اثر پڑ سکتا ہو۔