• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو ترقیاتی فنڈ سے 75.50 ارب روپے ملیں گے، سعودی عرب سے دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق، وزیراعظم کی روضہ رسولﷺ پر حاضری


جدہ( نمائندہ جنگ،خبرایجنسیاں، جنگ نیوز)پاکستان کو سعودی ترقیاتی فنڈ سے 75.50 ارب روپے ملیں گے، رقم انفرااسٹرکچراور ہائیڈرو پاور ڈیولپمنٹ ، آبی وسائل کی ترقی پرخرچ کی جائیگی،سعودی عرب کو آئندہ 10سال کے دوران ایک کروڑ افرادی قوت درکار ، زیادہ حصہ پاکستان سے لیا جائیگا، پاکستان کا سعودی عرب سے دفاعی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے روضہ رسولﷺپر حاضری دی، خاتون اول بھی انکے ساتھ تھیں، بعد ازاںوزیراعظم نے مسجد نبویﷺ میں روزہ افطار کیااور نمازمغرب اداکی، آج عمرے کی ادائیگی کیلئے روانہ ہونگے۔ 

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان کہاہےکہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی ضرورت ہے،دونوں رہنمائوں کے درمیان افغان امن عمل سمیت خطے کی صورتحال پربھی تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔

جدہ میں وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے خصوصی میڈیا ٹاک کے دوران وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات ہوئی جس میں ان کی کابینہ کے اہم اراکین بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم عمران خان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے جسکی رو سے سعودی عرب اور پاکستان کے مابین ایک اعلیٰ سطح کے کوآرڈی نیشن کونسل کا قیام عمل میںآئیگا، سعودی عرب پاکستان کو’’ سعودی ڈیولپمنٹ فنڈ سے 500ملین ڈالر کی رقم فراہم کرے گا۔

سعودی عرب کواگلے دس سال کے دوران 10ملین افرادی قوت درکار ہوگی، اس مطلوبہ ورک فورس کا زیادہ حصہ پاکستان سے لیا جائے گا، وزیر خارجہ نے کہا کہ میری سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے ساتھ بھی نشست ہوئی ہے۔

مجھے یہ بتاتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ان ملاقاتوں کا ماحول انتہائی دوستانہ تھا اور جو گرمجوشی دکھائی دے رہی تھی اس سے مستقبل کی راہوں کا تعین واضح دکھائی دیتا ہے،اس دورہ سعودی عرب کے دوران ولی عہد خود وزیر اعظم عمران خان کا خیر مقدم کرنے تشریف لائے، وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد ہماری ایک اسمال گروپ ملاقات ہوئی۔

اس ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف اور میں موجود تھا، اس ملاقات میں افغان امن عمل سمیت خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، سعودی وزیر خارجہ نے اس بارے خطے میں ان کی حالیہ سرگرمیوں کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں، بالخصوص توانائی، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع آگے بڑھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ، سعودی ولی عہد نے ہمیں سعودی عرب کے ’’وژن‘‘کے خدوخال سے تفصیلاً آگاہ کیا۔

ان کے مطابق اس وژن کو عملی جامہ پہنانے کیلئے انہیں اگلے 10سال کے دوران، دس ملین، افرادی قوت درکار ہو گی، انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ پاکستانی ورک فورس کی گزشتہ خدمات کو مدنظر رکھتے ہوئے، اس مطلوبہ ورک فورس کا زیادہ حصہ پاکستان سے لیا جائے گا۔

روزگار کے مواقع کے حوالے سے یہ پاکستانیوں کیلئے ایک بہت بڑی خبر ہے، پانچ اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں ، ایک معاہدہ وزیر اعظم عمران خان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ’’کوآرڈی نیشن کونسل کے قیام کے حوالے سے ہوا ہے۔

دو معاہدے بالترتیب قیدیوں کے تبادلے اور جرائم کی بیخ کنی کے حوالے سے طے پائے جن پر وزیر خارجہ شیخ رشید صاحب نے دستخط کئے، دو معاہدوں پر میں نے دستخط کئے ان میں سے ایک معاہدہ انسداد منشیات کے حوالے سے تھا جبکہ دوسرے معاہدے کی رو سے سعودی عرب پاکستان کوسعودی ڈیولپمنٹ فنڈ سے 500 ملین ڈالر کی رقم فراہم کرے گا۔ 

وزیر خارجہ نے کہا کہ اس رقم کو پاکستان میں انفرااسٹرکچر ڈویلپمنٹ، آبی وسائل کی ترقی اور ہائیڈرو پاور ڈویلپمنٹ کیلئے خرچ کیا جائے گا، ہم نے او آئی سی اور اس کی آئندہ سمت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کی، شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ میں نے بھی اپنے سعودی ہم منصب کو جلد پاکستان آنے کی دعوت دی ہے جسے انہوں نے قبول کیا۔

انشاءاللہ عید کے بعد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان کے خدوخال طے کرنے کیلئے سعودی افسران کا وفد پاکستان تشریف لائے گا،مجموعی طور پر یہ دورہ سعودی عرب انتہائی سود مند رہا ہے۔

ماہ رمضان کی برکتیں اس میں شامل تھیں اور یہ دورہ پاکستانیوں کے لیے بہت سی خوش خبریوں کی نوید ہو گا۔ وزیر اعظم عمران خان نے خادم حرمین شریفین کے علاقائی امن اور سلامتی کے لئے سعودی عرب کے کردار اور اقدامات کو بھی سراہا۔

نمائندے کےمطابق سعودی عرب کے 3روزہ دورے پر آئے وزیرِ اعظم عمران خان روضہ رسولﷺ پر حاضری دینے کے لیے مدینہ منورہ پہنچ گئے، وزیر اعظم کا استقبال گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیزآل سعود نے کیا۔ 

وزیراعظم کے ساتھ انکی اہلیہ محترمہ بشریٰ بی بی، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد، گورنر سندھ عمران اسماعیل، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، سینیٹر فیصل جاوید خان اور صوبائی وزیر علیم خان بھی موجود ہیں۔

بعد ازاں وزیراعظم نے روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی اور مسجدنبوی ﷺ میں روزہ افطار کیا اور نمازِ مغرب ادا کی،آج عمرے کی ادائیگی کیلئے روانہ ہونگے۔

تازہ ترین