لندن(سعید نیازی) ڈیلی میل اور اس کے رپورٹر ڈیوڈ روز کے وکلا نے شہباز شریف اور ان کے دامادعلی عمران یوسف کے خلاف ہتک عزت کے مقدمے میں شواہد پیش کرنے کیلئے لندن ہائیکورٹ سے مزید وقت کی اپیل کی ہے، ڈیلی میل اور اس کے رپورٹر ڈیوڈ روز کے وکلا نے شواہد پیش نہ کرنے کے حوالے سے کورونا کی پابندیوں کو جواز بنایا ہےاور پاکستان سے شواہد جمع کرنے کیلئے مزید 4 ماہ کی مہلت دینے کی استدعا کی ہے ۔ لندن ہائیکورٹ کے جسٹس سر ماتھیو نکلن فروری کے پہلے ہفتے میں اخبار کو اپریل کے آخرتک شواہد پیش کرنے کی ہدایت کی تھی،گزشتہ ہفتہ اخبار کے وکلا نے اپنی درخواست میں عدالت سے مزید 2 ماہ کی مہلت مانگی ہے ،عدالت میں شہباز شریف اور ان کے داماد علی عمران یوسف کی پیروی دو مختلف وکلا نے کی اور اخبار کو مزید وقت دینے پا اتفاق کرلیا۔تاہم علی عمران یوسف کے وکلا نے الزام عاید کیا کہ پبلشر کے وکلا تاخیری حربے اختیار کررہے ہیں ، اے این ایل پبلشرز شواہد جمع کرنے کیلئے پاکستان نہ جاسکنے کو جواز بناکرمتعدد مرتبہ تاریخوں میں توسیع لے چکا ہے۔عدالتی ذرائع کے مطابق ڈیلی میل نے موقف اختیار کیاہے کہ اسے شہباز شریف کے خلاف جمع کرنے کیلئے پاکستان میں درجنوں افراد کے انٹرویو کرنا ہیں۔ڈیلی میل کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ تاریخ میں توسیع تینوں فریقوں کے اتفاق رائے سے دی گئی ہے ،ذرائع کاکہناہے کہ ڈیلی میل کو کورونا کی وجہ سے لاک ڈائون کے سبب شواہد جمع کرنے میں دشواری کا سامنا ہے اور حقیقت یہ ہے کہ پاکستان فی الوقت برطانیہ کی ریڈ لسٹ میں ہے۔