• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مارگٹ میں چیک پوسٹ پرحملہ، تین سیکورٹی اہلکار شہید

مارگٹ میں چیک پوسٹ پرحملہ، تین سیکورٹی اہلکار شہید


کوئٹہ ( نمائندہ جنگ) مارگٹ میں دہشت گردوں کا سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ فائرنگ سے تین اہلکار شہید ایک زخمی ہو گیا دیگر اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں حملہ آور فرار ہو گئے سیکورٹی فورسز نے علاقے میں آپریشن شروع کر دیا ۔

سیکورٹی ذرائع کے مطابق کوئٹہ سے تقریباً 70 کلومیٹر دور ہرنائی اور کوئٹہ کے پہاڑی علاقے مارگٹ میں سرکی کچھ کےمقام پرسیکورٹی فورسز کی 89 ونگ کی خالد چیک پوسٹ کو نامعلوم دہشتگردوں نےجدید ہتھیاروں سے حملہ کرتے ہوئے شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین جوان لانس نائیک حسین شاہ، سپاہی نعمان اور سپاہی فیصل موقع پر ہی شہید جبکہ ایک اہلکار پرویز زخمی ہو گیا۔ 

دیگر اہلکاروں نے جرات کا مظاہرہ کر تے ہوئے جوابی کارروائی کی جس حملہ آور پہاڑی علاقے میں فرار ہو گئے اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر لاشوں اور زخمی کو ہسپتال پہنچایا جبکہ سیکورٹی فورسز نے پہاڑی علاقے میں آپریشن شروع کر دیا۔ 

درایں اثنا صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی نے مارگٹ میں فرنٹیئر کور بلوچستان کے اہلکاروں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے قیام امن کیلئے جو قربانیاں دی ہیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی، بلوچستان کی عوام اپنے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے علاقے مارگٹ میں دہشت گردوں کی جانب سے ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہیں انہوں نے حملے میں ایف سی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصرمذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ قوم کے حوصلے بلند ہیں،دہشتگردی کا صفایا ہو کر رہے گا۔ دہشت گرد مکروہ عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ 

قوم دہشت گردوں اور ملک دشمنوں کے خلاف متحد ہے۔ انہوں نے شہداکے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی شہدا کو بلند ترین مرتبہ عطا فرمائے۔

تازہ ترین