• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب سروسز ٹریبونل نہیں ہے جو ملازمین کے ڈومیسائل کو چیک کرے گا، ناصر حسین شاہ

وزیراطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) سروسز ٹریبونل نہیں ہے جو ملازمین کے ڈومیسائل کو چیک کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں کورونا وائرس سے متعلق صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس کے بعد مرتضیٰ وہاب اور قاسم سراج سومرو کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ 

جب ان سے سوال کیا گیا کہ نیب کے ایک خط کے حوالے سے جس کے تحت گریڈ بی ایس ایک سے بی ایس 22 تک تمام سرکاری ملازمین کے ڈومیسائل کے مقام کے بارے میں تفصیلات مانگی گئیں، جس کے جواب میں وزیر اطلاعات ناصر شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کی معلومات کے بغیر یہ خط جاری کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیب سروسز ٹریبونل نہیں ہے جو ملازمین کے ڈومیسائل کو چیک کرے گا۔

وزیراطلاعات کا یہ بھی کہنا تھا کہ عید کے فوراً بعد ہی صوبائی حکومت اس معاملے پر اپنا موقف پیش کرے گی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نیب صرف ایک اینٹی کرپشن ادارہ ہے اور اس کا تقرریوں، خدمات سے ہٹانے اور اس طرح کے دیگر معاملات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، انہوں نے یہ خط لکھ کر اپنی حدود سے تجاوز کیا ہے اور ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔

بحریہ ٹاؤن کے بارے میں بات کرتے ہوئے سید ناصر شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اسسٹنٹ کمشنر، مختیارکار اور ایس ایچ او کو ہٹاکر سخت کارروائی کی ہے، مقامی لوگوں کی شکایت پر پولیس نے بحریہ ٹاؤن کے متعلقہ عہدیداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔

پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت قاسم سراج سومرو نے کہا کہ محکمہ صحت ویکسین لگا رہا ہے تاکہ صوبے میں بڑے پیمانے پر ویکسینیشن مہم شروع کی جاسکے۔

تازہ ترین