• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

والد مدد نہیں کرتے، شروتی ہاسن بھی مالی مشکلات کا شکار

نامور بھارتی اداکار اور سیاستدان کمل ہاسن کی بیٹی باصلاحیت اداکارہ شروتی ہاسن نے کہا ہے کہ میرے والد یا والدہ میری مدد نہیں کرتے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق شروتی ہاسن نے ایک بیان میں کہا کہ میں اپنے بل خود ادا کرتی ہوں، اس معاملے میں والد یا والدہ مدد نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ میرے پاس کوئی چوائس نہیں کہ کام شروع ہونے پر دوبارہ کام پر جاؤں۔


شروتی ہاسن نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں ہر کسی کی طرح میں بھی مالی مشکل کا شکار ہوں، یہی وجہ ہے کہ وہ کام جاری رکھتی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہاکہ سیٹ پرکام کے ماحول کے معاملے میں بہت پریکٹیکل ہوں۔

بھارتی اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں وبا میں خود کو چھپا کر رکھ نہیں سکتی اور نہ ہی اس کے خاتمے کا انتظار کرسکتی ہوں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ صحت کے خوف میں بالکل درست انداز میں فلم کی عکس بندی مشکل ہے لیکن لاک ڈاؤن کے بعد کام کی بحالی بہت ضروری ہے۔

شروتی ہاسن نے کہا کہ میں جھوٹ نہیں بولوں گی لیکن بغیر ماسک سیٹ پر جانا ایک بہت ڈراؤنا اقدام ہے لیکن ہمیں کام پر جانا پڑا کیونکہ سب کی طرح میری بھی مالی مشکلات ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ جب شوٹنگ کے لیے تیاری مکمل ہوجاتی ہے تو مجھے بھی وہاں جانا پڑتا ہے، یہی پیشہ وارانہ ضرورت ہے کہ معاہدہ پورا کیا جائے۔

اداکارہ جو موسیقی کے ہنر سے بھی واقف ہیں، نے زور دے کر کہا کہ ہم مختلف طریقے سے رقم کماتے ہیں لیکن ہمیں اپنے بلوں کی ادائیگی کے لیے کام پر واپس جانا پڑتا ہے۔

اداکار کمل ہاسن کی بیٹی شروتی ہاسن خود کو ایک خود مختار خاتون کہتی ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ میری اپنی حدود ہیں، مجھے اپنے اخراجات پورے کرنا پڑتے ہیں، اس معاملے میں والد یا والدہ میری مدد نہیں کرتے۔

تازہ ترین