• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حنیف عباسی کا راولپنڈی ٹائیگرز ٹیم بنانے کا اعلان

وزیرِ ریلوے حنیف عباسی—فائل فوٹو
وزیرِ ریلوے حنیف عباسی—فائل فوٹو

وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے راولپنڈی ٹائیگرز ٹیم بنانے کا اعلان کر دیا۔

راولپنڈی میں وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم راولپنڈی ٹائیگرز ٹیم بنانے کا اعلان کر رہے ہیں، راولپنڈی ٹائیگرز کو عالمی سطح کی ٹیم بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں کرکٹ کو فروغ دینے میں لاہور قلندر کا اہم کردار ہے، کرکٹ کے ساتھ پاکستانی عوام کا رومانس ہے، میں لاہور قلندرز کا شروع سے فین ہوں، لاہور قلندرز کے سی ای او ہماری رہنمائی کریں گے۔

وزیرِ ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ راولپنڈی ٹائیگرز میں صرف راولپنڈی کا ڈومیسائل رکھنے والے نوجوانوں کو شامل کریں گے، راولپنڈی ٹائیگرز کو پی ایس ایل میں لے کر جائیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کے نوجوانوں کو ہم نے کالجوں اور اسکولوں کے اندر اسپورٹس کی سہولت دی ہے، نوجوانوں کو میرٹ پر بڑا پلیٹ فارم مہیا کر رہے ہیں، ہم 14 اور 15 فروری کو ٹرائل شروع کر رہے ہیں۔

حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز ہی راولپنڈی ٹائیگرز کی رہنمائی کریں گے، ہم لڑکیوں کی ٹیم بھی بنانے جا رہے ہیں، فاطمہ جناح یونیورسٹی میں عالمی معیار کا اسکواش کورٹ بنایا ہے۔

وزیرِ ریلوے کا یہ بھی کہنا ہے کہ لاہور قلندر نے جس طرح پاکستانی ٹیلنٹ کو نکھارا ہے وہ کوئی اور نہیں کر سکتا، میرے حلقے میں جتنے کرکٹ گراؤنڈ ہیں اور کہیں نہیں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید