• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان امن کا مطلب پرامن پاکستان، جنرل باجوہ کی کابل میں اشرف غنی، عبد ﷲ عبد ﷲ سے ملاقاتیں، برطانوی جنرل بھی موجود، امن عمل پر گفتگو

جنرل باجوہ کی کابل میں اشرف غنی، عبد ﷲ عبد ﷲ سے ملاقاتیں


راولپنڈی(اے پی پی/جنگ نیوز)افغان امن کا مطلب پرامن پاکستان ، جنرل باجوہ کی کابل میں اشرف غنی، عبد ﷲ عبد ﷲ سے ملاقاتیں، برطانوی جنرل بھی موجود، امن عمل پر گفتگو،دورے میں ڈی جی ISI لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی آرمی چیف کے ہمراہ، افغان صدر سے سیکورٹی، دفاعی تعاون، موثر بارڈر مینجمنٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا، افغان صدر نے بامعنی مذاکرات پر اظہار تشکرکیااور پاکستان کے مخلصانہ، مثبت کردار کو سراہا،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کاکہناتھاکہ افغان زیرقیادت افغان ملکیتی امن عمل کے حامی ہیں،بعد ازاں برطانوی جنرل سر نکولس سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سلامتی کی صورتحال ، دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیاگیا، جنرل باجوہ نےکہاکہ برطانیہ کیساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کی بہت قدر کرتے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان کا دورہ کیا، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران سپہ سالار کی افغان صدر سے ملاقات ہوئی۔ برطانوی چیف آف ڈیفنس بھی ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی، افغان مفاہمتی عمل میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کیاگیا، سکیورٹی، دفاعی تعاون، مؤثر بارڈر مینجمنٹ پر بھی گفتگو کی گئی۔ آرمی چیف نے عبد اللہ عبد اللہ سے ملاقات کی جس میں افغان امن عمل کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران جنرل باجوہ نے کہا کہ پر امن افغانستان کا مطلب پر امن خطہ بالخصوص پر امن پاکستان ہے، پاکستان افغان عوام کی دیرپا امن کی کوشش کی حمایت کرتا رہے گا،ہم تمام اسٹیک ہولڈرز کے باہمی اتفاق رائے پر مبنی’’افغان زیرقیادت افغان ملکیت‘‘ امن عمل کی ہمیشہ حمایت کریں گے۔افغان صدر نےبامعنی مذاکرات پرآرمی چیف سے اظہار تشکر کیا اور افغان امن عمل میں پاکستان کے مخلص اور مثبت کردار کی تعریف کی۔بعد ازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانیہ کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل سر نکولس پیٹرک کارٹر نے علیحدہ سے ملاقات کی،اس دوران باہمی دلچسپی کے امور ، علاقائی سلامتی کی صورتحال بالخصوص افغان امن عمل میں موجودہ پیشرفت اور دوطرفہ اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آرمی چیف نے شہزادہ فلپ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دنیا نے ایک انتہائی قابل احترام دوست کو کھو دیا ہے،جنرل سر نکولس پیٹرک نےخطے میں امن اور استحکام کے لئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں بالخصوص افغان امن عمل کی تعریف کی ، آرمی چیف جنرل باجوہ نے پاکستان میں کوروناکے خلاف جنگ میں برطانیہ کی شراکت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاک فوج برطانیہ کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کی بہت قدر کرتی ہے۔               

تازہ ترین