برطانیہ کے شہر یارکشائر کے چڑیا گھر میں ٹائیگر کے پنجرے میں داخل ہونے والے شخص کو ٹائیگر نے حملہ کر کے ہلاک کر دیا، چڑیا گھر کی انتظامیہ نے خطرے سے دو چار نسل کے ٹائیگر کو ہلاک نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جنوبی یارکشائر پولیس کے مطابق واقعہ ہفتے کے روز پیش آیا جب دوپہر 1 بجے 1 شخص کے ٹائیگر کے احاطے میں داخل ہونے کی اطلاع ملی، ٹائیگر نے اس پر حملہ کیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا، امدادی کارکنوں نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ شخص کو طبی امداد فراہم کی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مذکورہ شخص گھاس پر بیٹھ کر ٹائیگر کی جانب انگلی اٹھاتا ہے جس کے بعد ٹائیگر اس پر جھپٹ پڑتا ہے، یہ شخص فرار ہونے کی کوشش کرتا ہے تاہم ٹائیگر اسے اپنے پنجوں سے مارتا اور کندھے پر کاٹتا دکھائی دیتا ہے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت فوری طور پر ظاہر نہیں کی گئی، واقعے کے بعد چڑیا گھر میں موجود افراد کو باہر نکال کر اسے بند کر دیا گیا ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ ٹائیگر اپنے احاطے میں موجود رہا اور عوام کو اس سے کسی وسیع تر خطرے کا سامنا نہیں تھا، تاہم چڑیا گھر اتوار کو بھی بند رہا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعے کے بعد بعض افراد نے ٹائیگر کو ہلاک کرنے کا مطالبہ کیا جبکہ دیگر نے واقعے کا ذمے دار متاثرہ شخص کو قرار دیا۔
برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ احاطے میں داخل ہونے سے پہلے یہ شخص کانوں میں موسیقی سننے والے آلات لگائے رقص کرتا اور خود کو ذہنی طور پر تیار کرتا دکھائی دیا۔
چڑیا گھر کی انتظامیہ نے اتوار کو جاری کیے گئے بیان میں بتایا ہے کہ ’امور‘ نسل کا ’الٹائی‘ نامی ٹائیگر محفوظ اور خیریت سے ہے اور اسے اس واقعے کی وجہ سے ہلاک نہیں کیا جائے گا۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ٹائیگر کے بارے میں تشویش کا اظہار کرنے والے افراد کو یقین دلایا جاتا ہے کہ وہ محفوظ ہے۔
چڑیا گھر کے ’شیروں کی دنیا‘ نامی حصے میں 300 میٹر طویل بلند راستہ بنایا گیا ہے جہاں سے سیاح شیروں و ٹائیگرز کو دیکھ سکتے ہیں، اس احاطے میں جنگلات، گھاس کے میدان اور آبشار والا تالاب بھی موجود ہے۔