• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا، مزید 78جاں بحق، امارات کی پاکستان سمیت 4 ایشیائی ممالک پر سفری پابندیاں

کراچی، دبئی(جنگ نیوز/خبرایجنسی)کورونا سے مزید 78جاںبحق، 3447نئے مریض ،مثبت شرح9.1رہی،این سی او سی نے شہروں میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پراظہار تشویش کیا ہے، ادھر متحدہ عرب امارات نے پاکستان سمیت4 ایشیائی ممالک بنگلادیش، نیپال اور سری لنکا پر سفری پابندیاں لگادیں،پابندی کا اطلاق12مئی رات 12بجے سے ہوگا، بھارت پر پہلے سے پابندی عائد ہے۔کویت اور تھائی لینڈ نے بھی پاکستان ، بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال پر سفری پابندیاں لگاڈی ہیں۔ تفصیلات کےمطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 37756 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 3447افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے مزید 78 افراد انتقال کر گئے،کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 9.12 فیصد رہی،ملک بھر میں کورونا سے اموات کی تعداد 18993 ہو چکی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 8 لاکھ 61473 تک پہنچ چکی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) نے مختلف شہروں میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے،این سی او سی نےصوبوں کو ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیںجبکہ پنجاب میں تمام رمضان بازار ختم کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔ذرائع کے مطابق بین الصوبائی، انٹرا اور انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کردی گئی ہے،ادھر سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں7مریض انتقال کرگئے جبکہ 782 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 890 افراد صحتیاب ہوئے ہیں ،صوبے میں اس وقت 17962 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 655 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں سے 57 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں ،انہوں نے کہا کہ 782 نئے کیسز میں سے 336 کا تعلق شہر کراچی سے ہے جن میں شرقی کراچی میں 167، ضلع وسطی میں 78، جنوبی کراچی میں 58، ضلع غربی میں 14، ملیر میں 10 اور کورنگی میں 9 مزید کیسز سامنے آئے ہیں، اسی طرح حیدرآباد میں 189، لاڑکانہ، جیکب ٓباد اور سجاول میں 22-22 ، سکھر میں 20، بدین میں 19، نوابشاہ میں 18، عمرکوٹ میں 17، ٹھٹھہ میں 15، سانگھڑ میں 12، ٹنڈو محمد خان میں 10، شکارپور میں 9، گھوٹکی میں 8، جامشورو، کشمور اور نوشہروفیروز میں 6-6، میرپورخاص میں 5، خیرپور، مٹیاری اور ٹنڈوالہیار میں 4-4، دادو اور قمبر میں ایک ایک نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

تازہ ترین