• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورہ سعودی عرب، وزیراعظم نے زکوٰۃ کے چاول کے سوا کیا کامیابی حاصل کی؟ بلاول بھٹو

دورہ سعودی عرب، وزیراعظم نے زکوٰۃ کے چاول کے سوا کیا کامیابی حاصل کی؟ بلاول بھٹو


کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے دورہ سعودی عرب میں زکوٰۃ کے چاول کے سوا کیا کامیابی حاصل کی؟ عمران کی 22 سالہ جدوجہد اگر ایک ایٹمی ملک کو زکوۃ کے چاول کے لائق بنانے کیلئے تھی تو خدا کسی کو ایسی جدوجہد کی توفیق نہ دے،وزیر اعظم صاحب! نوٹس لینے اور انکوائری رپورٹس کے جھانسے دیکر مہنگائی پر قابو پانے کے آپکے دعوے بے نقاب ہوچکے ہیں، حکومت کے پاس ذخیرہ اندوزوں کو قابو کرنے کیلئے کوئی پالیسی ہی نہیں ہے کم از کم مزید مہنگائی سے تدارک کیلئے سرکاری قیمتوں کے ہی نفاذ کو یقینی بنالیں۔ بلاول ہاؤس میڈیا سیل سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نےوزیر اعظم عمران خان کے حالیہ دورہ سعودی عرب پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دورہ سعودی عرب سے وزیرِ اعظم عمران خان نے چاول کے 19 ہزار تھیلوں کے علاوہ کیا کامیابی حاصل کی؟ بلاول بھٹو زرداری نے سوال کیا کہ دورہ سعودی عرب سے عمران خان نے زکوٰۃ اور فطرے کی مد میں چاول کے 19 ہزار تھیلوں کو حاصل کرنے کے علاوہ کیا کامیابی حاصل کی؟انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کے اخراجات کا زکوٰۃ کی مد میں حاصل ہونے والے چاولوں کے تھیلوں کی قیمت سے موازنہ کیا جائے۔ انہوںنے کہا کہ مرغی 400 روپے کلو سے زائد کرکے عمرے کیلئے سعودی عرب جانے والے عمران خان سے عوام حساب لینگے۔انہوں نے کہا کہ نتھیا گلی میں عید کی چھٹیاں منانے والے وزیراعظم کو علم ہی نہیں کہ وہ ملک کے گلی کوچوں میں تبدیلی کے سونامی سے قیامت برپا کرچکے ہیں۔

تازہ ترین