• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان میں بڑھنے والے وزن میں تیزی سے کمی لانے والے قہوے

رمضان کے دوران وزن میں اضافہ ہو جانا عام سی بات ہے کیوں کہ اس دوران تقریباً پورا سال ورزش اور ڈائیٹنگ کرنے والے افراد بھی تلی ہوئی مرغن غذاؤں کا باقاعدگی سے استعمال کر رہے ہوتے ہیں، ایسے میں وزن میں کلو کے حساب سے اضافہ اور خون میں کولیسٹرول کی سطح بڑھ جاتی ہے جو کہ طرح طرح کے مسائل کا سبب بن سکتی ہے۔

فٹنس و غذائی ماہرین کے مطابق رمضان کے دوران تیزی سے وزن بڑھتا ہے جو کہ صحت مندانہ عمل نہیں ہے، بڑھا ہوا کولیسٹرول لیول اور وزن نوجوان، بوڑھوں اور بچوں سب ہی کے لیے نقصان دہ ہے جس کے دیر پا مضر صحت نتائج سامنے آتے ہیں۔

ڈائیٹنگ کھانے پینے کا ایک ایسا عمل ہے جس میں انسان صرف مثبت اور بہتر غذا کا انتخاب کرتا ہے اور مضر صحت غذاؤں اور مشروبات سے خود کو دور رکھتا ہے، مثبت غذاؤں میں پھل، سبزیاں اور ان سے بنی ہوئی اسموتھی، سوپ سلاد شامل ہے۔

طبی و غذائی ماہرین کے مطابق مثبت غذا کا اعتدال میں استعمال، کیلوریز ڈیفسیٹ اور روزانہ بنیاد پر تھوڑی ورزش میں اپنی روٹین شامل کرنی چاہیے، رمضان کے بعد خود کو متحرک رکھنا لازمی ہے، اس طرح سے وزن میں کمی دِنوں میں لائی جا سکتی ہے۔

رمضان کے بعد مہینے میں 2 سے 3 کلو وزن کم کرنے والے قہوے مندرجہ ذیل ہیں جن کےباقاعدگی سے استعمال کے نتیجے میں  مثبت نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

نہار منہ پینے والا قہوہ

غذائی ماہرین کے مطابق دار چینی وزن میں کمی کے لیے بہترین ’ نیوٹرا سیوٹیکل ‘ قرار دی جاتی ہے، رات سونے سے قبل ایک گلاس میں ایک انچ دار چینی کا ٹکڑا بگھو کر ڈھانپ دیں، صبح اُٹھتے ہی ناشتے سے 30 منٹ قبل یہ پانی کا گلاس نہار منہ پی لیں، اس عمل سے تیزی سے وزن میں کمی آئے گی۔

دوپہر کی روٹین

دوپہر کھانے سے قبل غذائیت سے بھرپور چیا سیڈز یا پھر تخم بالنگا کا استعمال لازمی کریں۔

چیا سیڈز یا تخم بالنگا کو اچھی طرح سے پیس کر رکھ لیں، روزانہ دوپہر کے کھانے سے قبل ایک کھانے کا چمچ دو گلاس پانی میں بھگوئیں اور پھولنے کے لیے 10 منٹ رکھ دیں، دوپہر کے کھانے سے 15 سے 20 منٹ قبل پی لیں، اس سے بھوک کم لگے گی، کھانا کم کھایا جائے گا، فائبر اور کیلشیم کی بھرپور مقدار حاصل ہوگی، میٹا بالزم بہتر ہوگا۔

رات کا قہوہ

رات سونے سے قبل یہ قہوہ نیم گرم استعمال کرنا ہے، اس قہوے میں شہد یا لیموں کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔

قہوہ بنانے کے لیے 2 گلاس پانی میں ایک چمچ سونف، ایک چمچ زیرہ اور آدھا چمچ اجوائن اُبلتے پانی میں شامل کریں اور مزید 20 منٹ تک پکائیں، جب پانی ایک گلاس رہ جائے تو اس قہوے کو چولہے سے اتار کر چھان لیں اور نیم گرم پئیں۔


مندرجہ بالا 3 طریقوں سے بغیر کوئی غذا چھوڑے یا صحت پر نقصان کے وزن میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

تازہ ترین