سابق چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی کو بھی ہتھکڑی لگی فلسطینی لڑکی کی تصویر پر اپنے خیالات کا اظہار کردیا۔
رضا ربانی نے اسلام آباد میں فلسطینی سفیر سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کی۔
پی پی رہنما نے کہا کہ الاقصیٰ مسجد اور غزہ میں رہائشی علاقے کے شہریوں پر اسرائیلی دہشت گردی کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔
رضا ربانی نے مزید کہا کہ فلسطینی لڑکی مسجد کے احاطے میں ہتھکڑی کے ساتھ بندھی بیٹھی تھی، جس کے چہرے پر انتفاضہ کی قوت واضح ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل بیت المقدس دارالحکومت کے ساتھ فلسطینی ریاست کے حق سے انکار نہیں کرسکتا۔
سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کے عوام اسرائیلی دہشت گردی کے خلاف فلسطینیوں کی جدوجہد میں ساتھ کھڑے ہیں۔