• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ظلم و جبر کی حکومت زیادہ دیر نہیں چلے گی، احسن اقبال

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال شیخوپورہ میں پارٹی کے گرفتار ایم این اے جاوید لطیف کے گھر پہنچے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ میاں جاوید لطیف کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جارہا ہے، ظلم و جبر کی حکومت زیادہ دیر نہیں چلے گی۔

انہوں نے کہا کہ معیشت کی مضبوطی اداروں کے مضبوط ہونے سے ہوگی، حکومت قومی اداروں پر حملہ آور ہے، پارلیمنٹ کے بعد اب عدلیہ پر بھی حملہ کیا گیا۔


ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ شہباز شریف کو انتظامی حکم کے ذریعے روکا گیا، اپوزیشن لیڈر کو روکنے کا حکومت کے پاس کوئی جواز نہیں ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عید کی چھٹیوں میں روکنے کے آرڈر جاری کروائے، عدالتی فیصلوں کی بےتوقیری ہورہی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ یہ حکومت سپریم کورٹ کے فیصلوں کو بھی کوئی اہمیت نہیں دے رہی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ڈکٹیٹر شپ قائم کرنا چاہتی ہے، پاکستان کو اس حکومت سے آزاد کرائیں گے۔

ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ ہمارے دور میں ترقی کی شرح 5اعشاریہ8 فیصد تھی، اب زکوٰۃ و فطرانے سے ترقی بنائی جارہی ہے۔

اُن کا کہنا تھاکہ عالمی سطح پر زکوٰۃ حاصل کرکے ساتویں ایٹمی طاقت کی توہین کی گئی، پاکستان خوددار اور باوقار ریاست ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ زکوٰۃ و فطرانے کی تشہیر کرکے مذاق بنایا گیا، پگڑیاں اچھالنا اور چندہ خیرات اکٹھا کرنا حکومت کا وطیرہ بن چکا ہے۔

قومی خبریں سے مزید