اسلام آباد (وقائع نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عیدالفطر کے دوسرے دن گڑھی خدا بخش میں شہدائے جمہوریت کے مزار پر حاضری دی۔ ان کے ہمراہ سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے بھی شہدائے جمہوریت کے مزار پر حاضری دی۔ انہوں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مزار پر بھی فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔ انہوں نے میر شاہنواز بھٹو اور میر مرتضیٰ بھٹو کے مزارات پر بھی حاضری دی۔ انہوں نے سماجی فاصلے کے اصولوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے شہدائے جمہوریت کے مزار پر حاضری دی۔ انہوں نے کورونا وائرس کی تیسری لہر سے عوام کی حفاظت کے لئے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے بھارتی و اسرائیلی جبر میں عید منانے والے کشمیر اور فلسطین کے عوام کے لئے بھی دعا کی۔ادھربلاول بھٹو زرداری نے پارٹی ایم این اے شازیہ صوبیہ سومرو اور پی پی پی ضلع سکھر کے سابق جنرل سیکریٹری ڈاکٹر آفتاب حسین سومرو سے تعزیت کا اظہار کیا پی پی پی چیئرمین نے شازیہ صوبیہ سومرو سے ان کی دو پھوپیوں اور ڈاکٹر آفتاب سومرو سے ان کی بہنوں کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔